فیض احمد فیض کی برسی پر نصیرالدین شاہ کی خصوصی پرفارمنس
22 نومبر 2012ہر سال اردو زبان کے معروف شاعر فیض احمد فیض کی برسی پر فیض فاؤنڈیشن خصوصی پروگراموں کا انعقاد کرواتی ہے۔ رواں برس ان تقریبات کا اہتمام یکم دسمبر سے کیا جائے گا۔ ان دو روزہ تقریبات کے دوران نصیر الدین شاہ کی پرفارمنس پر مبنی تقریبات کو خاص اہمیت حاصل رہے گی۔ نصیر الدین شاہ اگلے ہفتے کے اختتام پر اپنی اہلیہ رتن پاٹک شاہ اور بیٹی حبہ شاہ کے ہمراہ پاکستان کے مشرقی شہر لاہور پہنچیں گے۔ وہ لاہور میں قیام کے دوران بھارت میں زندگی بسر کرنے والی اردو زبان کی ممتاز کہانی کار عصمت چغتائی کی تین کہانیوں پر مبنی تین ڈرامے پیش کریں گے۔ نصیر الدین شاہ کی اس ڈرامہ سیریز کا نام ’عصمت آپا کے نام‘ ہے۔
معروف بھارتی اداکار نصیر الدین شاہ کی تھیٹر کمپنی موٹلی ’عصمت آپا کے نام‘ کی ڈرامہ سیریز کو دنیا کے کئی ملکوں میں پیش کر کے تعریف و توصیف حاصل کر چکی ہے۔ عصمت چغتائی کی جن تین کہانیوں پر ڈرامے پیش کیے جائیں گے، ان کے نام ’چھوئی مُوئی‘، ’گھر والی‘ اور ’مغل بچہ‘ ہیں۔ ان مختصر دورانیے کے ڈراموں میں نصیر الدین مختلف کردار ادا کریں گے۔
لاہور میں اپنی پرفارمنس کے تناظر میں نصیر الدین شاہ کا کہنا ہے کہ تھیٹر گروپ ’ممبئی موٹلی کمپنی‘ کو فخر ہے کہ وہ لاہور میں پرفارم کرے گی اور یقیناً ’عصمت آپا کے نام‘ ڈرامہ سیریز کو پیش کرنے سے فیض فاؤنڈیشن کو فائدہ پہنچے گا۔ اس دو روزہ ایونٹ سے ’فیض گھر‘ کے لیے مزید فنڈز اکھٹے کیے جا سکیں گے۔
فیض فاؤنڈیشن کی کوشش ہے کہ ان تقریبات سے حاصل ہونے والی آمدنی سے فیض احمد فیض کی یاد میں فیض گھر کے منصوبے کو مکمل کیا جائے۔ فیض گھر میں فیض سے منسوب یادگاری اشیاء کا میوزیم قائم کیا جائے گا۔ اس عجائب گھر کے ساتھ جدید سہولیات سے آراستہ کثیر المقاصد ایک ثقافتی مرکز کی تعمیر بھی شامل ہے۔
نصیر الدین شاہ نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ان کی فیملی اور کمپنی کے اہلکار فیض احمد فیض کو ان کی برسی کے موقع پر خراج تحسین پیش کرنے کو ایک اعزاز خیال کرتے ہیں۔ نصیر الدین شاہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان فیض احمد فیض کا نام ایک معتبر حوالہ اور رابطہ ہے۔
فیض احمد فیض تقسیم ہند سے پہلے سن 1911ء میں سیالکوٹ میں پیدا ہوئے اور بیس نومبر 1984ء کو لاہور میں انتقال کر گئے۔ وہ اردو کی انجمن ترقی پسند تحریک کے فعال رکن اور نظریاتی طور پر ایک کمیونسٹ تھے۔ فیض احمد فیض کے مشہور شاعری مجموعے نقش فریادی، دست صبا، زنداں نامہ، دست تہ سنگ، سر وادی سینا، شام شہر یاراں، میرے دل میرے مسافر اور نسخہ ہائے وفا (کلیات) ہیں۔
ia/ at(pti, http://faizghar)