1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا ورلڈ کپ : آج جرمنی اور انگلینڈ مد مقابل

27 جون 2010

جنوبی افریقہ میں جاری فیفا ورلڈ کپ مقابلوں کے سلسلے میں آج روایتی حریف جرمنی اور انگلینڈ پری کوارٹر فائنل میں مد مقابل ہیں۔ عالمی کپ مقابلوں میں یہ دونوں ٹیمیں پانچ مرتبہ آمنے سامنے آئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/O4Ij
تصویر: AP

آج بلوم فونٹین میں کھیلے جانے والے اس میچ سے قبل جرمنی اور انگلینڈ کی ٹیمیں کُل ستائیس مرتبہ بین الاقوامی میچ کھیل چکی ہیں۔ ان میں سے جرمنی نے دس مرتبہ جبکہ انگلینڈ نے بارہ مرتبہ کامیابی حاصل کی،باقی ماندہ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔

عالمی کپ مقابلوں میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک بار کامیابی حاصل کی جبکہ تین میچ برابر ہوئے۔ انگلینڈ نے سن 1966ء کے عالمی کپ میں جرمنی کو شکست دی تھی اور عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔ جرمنی نے سن 1970ء کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کو ہرایا تھا۔

Training deutsche Mannschaft WM Südafrika Flash-Galerie
جرمن کھلاڑی کلوزے اس میچ میں اپنا پچاسواں بین الاقوامی گول اسکور کر سکتے ہیںتصویر: AP

جرمنی نے اب تک کل تین مرتبہ عالمی چیمپئین بننے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے جبکہ چار مرتبہ دوسرے نمبر پر آنے کا۔ آخری مرتبہ جرمنی نے سن 1990ء میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس سے قبل سن 1954ءاورسن 1974ء میں بھی جرمنی نے چیمپیئن کا تاج سر پر سجایا تھا۔

اس مرتبہ جرمن اسکواڈ میں لوکاس پوڈولسکی اور میروسلاو کلوزے ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے عالمی کپ مقابلوں کے ناک آؤٹ راوانڈ میں گول کر رکھے ہیں۔ ان دونوں کھلاڑیوں سے جرمن کوچ یواخم لوو کوبہت سے امیدیں وابستہ ہیں۔ کلوزے نے اگر آج کے میچ میں گول کیا تو انفرادی طور پر وہ پچاس بین الاقوامی گول کرنے والے کھلاڑی بن جائیں گے۔ دوسری طرف انگلینڈ کی ٹیم نے ابھی تک اس ٹورنامنٹ میں کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھائی۔ ان کے اسٹار کھلاڑی رونی گزشتہ سات میچوں سے کوئی بھی گول اسکور نہیں کر سکے ہیں۔

Flash-Galerie WM-Stars Wayne Rooney
انگلش کھلاڑی رونی کا فارم میں واپس آنا انگلینڈ کی لئے بے حد ضروری ہےتصویر: picture-alliance/dpa

اس میچ میں یوروگوائے کے خوخے لورآنڈا ریفری کے طور پر اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ یہ میچ عالمی وقت کے مطابق دن دو بجے شروع ہو گا۔

آج کے دن ایک اور اہم پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن اور میکسیکو کی ٹیمیں مد مقابل ہیں۔ آج کے دن کےدونوں میچوں میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیمیں کوارٹر فائنل میں مد مقابل ہوں گی۔

رپورٹ : عاطف بلوچ

ادارت : عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں