قطر کے امیر جلد ایران کا دورہ کریں گے، ایران کی تصدیق
9 مئی 2022خلیجی ریاست قطر کے امیر کے ایرانی دورے بارے میں ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے پیر نو مئی کو معمول کی پریس کانفرنس میں ذکر کیا۔ اس دورے کی تفصیلات بیان نہیں کی گئیں اور نہ ہی حتمی تاریخ کا اعلان کیا گیا۔
ایرانی صدر کسی بھی خلیجی عرب ریاست کے اولین دورے پر قطر میں
ترجمان کے مطابق یہ دورہ ایران کے اس ایجنڈے کا حصہ ہے جس کے تحت دو طرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور کو زیرِ بحث لایا جا رہا ہے۔ خطیب زادہ کے مطابق قطری امیر کے دورے کے بعد ایران کے صدر بھی خلیجی ریاست کا جوابی دورہ کریں گے۔
قطری امیر کا دورہ
نیوز ایجنسی روئٹرز نے اتوار کے روز رپورٹ کیا تھا کہ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا ایرانی دورہ ان کے یورپی دورے سے قبل ہو گا۔ شیخ تمیم بن حمد الثانی یورپی ممالک جرمنی، برطانیہ اورچند دیگر ممالک کے دورے کے دوران میزبان قیادت کے ساتھ سن 2015 کی ایرانی جوہری ڈیل کے مزاکراتی عمل کی بحالی اور یورپی انرجی سکیورٹی پر گفتگو کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
سعودی عرب قطر کے خلاف پابندیاں ختم اور سرحدیں کھول دے گا
ایسا بھی خیال کیا جا رہا ہے کہ قطری امیر جوہری ڈیل کے فریقین کو مذاکراتی عمل میں ایک نیا درمیانی راستہ اپنانے کا مشورہ دیں گے تا کہ بات چیت میں پیدا تعطل کو ختم کیا جا سکے۔ سن 2015 کی جوہری ڈیل کی بحالی میں تعطل کی وجہ ایران کا وہ مطالبہ ہے کہ امریکا اس کے ایلیٹ فوجی گروپ پاسدارانِ انقلاب اسلامی کو دہشت گردوں کی فہرست سے خارج کرے۔
قطری امیر کا سابقہ دورہ
خلیج فارس کی سیال گیس کی معدنی دولت سے مالا مال اہم ریاست قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے جنوری سن 2020 میں ایران کا اس وقت دورہ کیا تھا جب امریکا اور تہران حکومت میں کشیدگی بڑھ چکی تھی۔ ان کے دورے کا مقصد اس کشیدگی میں کمی لانا تھاجو پاسدارانِ انقلاب اسلامی کےسربراہ قاسم سلیمانی کے عراق میں ایک امریکی ڈرون حملے میں ہلاک کیے جانے کے بعد پیدا ہوئی تھی۔
ایران کےسرکاری زرائع ابلاغ کا یہ بھی کہا ہے کہ مستقبل قریب میں کیا جانے والا قطری امیر کا دورہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے رواں برس فروری میں قطری دارالحکومت دوحہ کے دورے میں پیدا ہونے والی سوجھ بوجھ کا نتیجہ ہے۔
ع ح/ ش ر (روئٹرز)