1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاہور میں آزادی کپ: ٹکٹ کی قیمت عام آدمی کی پہنچ سے باہر؟

عاصمہ کنڈی
7 ستمبر 2017

لاہور میں ورلڈ الیون کے خلاف سیریز کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ ٹکٹ کی قیمت ورلڈ الیون میں شامل آملہ، ڈوپلیسی اور مِلر جیسے کھلاڑیوں کی وجہ سے عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہیں۔

https://p.dw.com/p/2jWVv

ایک روز پہلے ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد جمعرات کو شہر میں جہاں کرکٹ سے سرشاری کا احساس نظر آیا وہیں بینکوں کے باہر ٹکٹ کے حصول میں ناکامی پر دبا دبا احتجاج بھی محسوس کیا گیا۔

12 ستمبر کو پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان شروع ہونیوالی تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت یکم سمتبر سے شروع ہے۔ 500 روپے والے سب سے سستے ٹکٹ عید سے پہلے ہی فروخت ہو گئے تھے۔ دوسرے مرحلے میں جمعرات کو پنجاب بینک کی تیرہ شاخوں میں باقی ماندہ 2500 سے 8000 روپے تک کے ٹکٹ فروخت کے لیے پیش کیے گئے البتہ 500 والے ٹکٹ میسر نہ ہونے پر ہزاروں کرکٹ شایقین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔

Pakistan Lahore Cricket Stadion
تصویر: DW/T. Saeed

شیخوپورہ سے آئے ہوئے ایک کرکٹ پرستار طیب سید کا کہنا تھا،" مجھے کرکٹ سے بے پناہ لگاؤ ہے لیکن قربانی کا بکرا خریدنے کے بعد 2500 والا ٹکٹ خریدنے کی سکت نہیں رکھتا اور پی سی بی کو ہمارے جذبات کی قدر نہیں۔''

پنجاب بینک کے باہر کھڑے میانوالی سے آنیوالے ایک اور کرکٹ شائق عبد المجید نے بھی سخت مایوسی کا اظہار کیا اور کہا" میں پی ایس ایل کا فائنل بھی نہ دیکھ سکا اور اب ورلڈ الیون کے میچوں کا ٹکٹ بھی نہیں مل رہا۔

کيا پاکستان ميں بين الاقوامی کھيلوں کی واپسی ہو رہی ہے؟

پاک بھارت کرکٹ کی تاریخ کے پانچ تلخ ترین واقعات

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اس سلسلے میں نامہ نگاروں کو بتایا " قذافی اسٹیڈیم کی گنجائش کم ہے۔ ہم نے 17ہزار ٹکٹ فروخت کے لیے پیش کئے تھے۔ اگر قیمت کم رکھتے تو اس ایونٹ کا مالی نقصان بڑھ جاتا۔ ہماری کچھ مجبوریاں بھی ہیں جن کا قومی مفاد میں ادراک کیا جانا چاہیے۔"

Cricket Gaddafi Stadion in Lahore
تصویر: Tariq Saeed

ورلڈ الیون کے میں دنیا کے کئی مشہور کھلاڑی شامل ہیں۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ لاہور پولیس کے سربراہ امین وینس کا کہنا ہے،" 6000 ہزار پولیس اہلکار میچوں کی حفاظت کے لیے موجود ہوں گے، پنجاب پولیس کی مدد کے لیے پاک فوج اور رینجرز  بھی موجود ہو گی۔"

پی سی بی کے ترجمان نے ڈوئچے ویلے کو بتایا " فوجی جوان 9 ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم کے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کریں گے اور اسی روز یہ علاقہ عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا جائے گا۔"

لاہور میں گزشتہ تین ہفتے سے بارش کی جھڑی لگی ہوئی ہے البتہ میچوں کے دنوں میں محمکہ موسمیات نے موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ جمعرات کو پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھی قذافی اسٹٰیڈیم میں مقابلوں کی تیاری شروع کر دی۔ تربیتی کیمپ کے پہلے دن فاسٹ باؤلر محمد عامر، رومان رئیس اور شاداب خان لاہور نہ پہنچ سکے۔

پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی؟ آئی سی سی ٹاسک فورس لاہور میں

نیا ریکارڈ: کرکٹ میچ میں صرف چار گیندوں پر بانوے رنز

پاکستانی نے چیمپئنز ٹرافی جیت لی

پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ محمد عامر کے ہاں بچے کی ولادت متوقع ہے اور وہ فی الحال لندن میں ہیں۔ شاداب خان ویسٹ انڈیز میں ٹی ٹوئنٹی لیگ کھیل رہے ہیں اور رومان رئیس شادی کی وجہ سے تربیت میں شامل نہیں ہو سکے۔

قذافی اسٹیڈیم میں چار دن میں ہونیوالے تین میچوں کے لیے پانچ پچز تیار کی گئی ہیں اور تماشائیوں کے لیے نئی رنگ برنگی کرسیاں بھی لگائی گئی ہیں۔ یہ میچ دیکھنے کے لیے آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن اور برطانوی کرکٹ بورڈ کے صدر جائلز کلارک بھی لاہور آرہے ہیں۔

 

 

قذافی اسٹیڈیم میں سیریز کی لوگو کی تقریب کے دوران سیٹھی نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان عمران خان سمیت 18 سابق پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی میچ دیکھنے کے لیے دعوت نامے بھجوائے ہیں۔ پی سی بی نے دنیا کے تمام ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک کے بورڈ سربراہان بھی کو بھی لاہور مدعو کیا ہے۔ سیٹھی نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ منفی خبریں دینے سے گریز کرے۔

Asma Kundi
عاصمہ کنڈی اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی عاصمہ کنڈی نے ابلاغیات کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔