1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاہور میں خود کش حملہ، کم از کم چھ افراد ہلاک

5 اپریل 2017

پاکستانی شہر لاہور میں ہونے والے ایک خود کش حملے میں کم از کم  چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ اس واقعے میں دس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2ahYq
Pakistan Selbstmordanschlag in Lahore
تصویر: Getty Images/AFP/A. Ali

صوبہ پنجاب کی پولیس نے بتایا ہے کہ خود کش بمبار نے فوج کی ایک گاڑی کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ حکومت پنجاب کی جانب سے آج کے واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد چھ بتائی جا رہی ہے اور ان میں چار فوجی اہلکار اور دو عام شہری شامل ہیں۔ ابھی تک کسی بھی گروپ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی نہیں کی ہے۔ پاکستانی صدر ممنون حسين اور وزير اعظم نواز شريف سميت دیگر سیاسی جماعتوں کے  رہنماؤں نے اس حملے کی مذمت کی ہے۔ 

مقامی ذرائع کے مطابق جس گاڑی کے قریب خود کش حملہ کیا گیا، اس میں مردم شماری  کا عملہ سوار تھا۔ اس سے قبل یہ بھی کہا گیا تھا کہ یہ دھماکہ مردم شماری کے عملے کی گاڑی میں سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے ہوا تھا۔

Pakistan Selbstmordanschlag in Lahore
تصویر: Getty Images/AFP/A. Ali

حکومت پاکستان کی جانب سے گزشتہ مہینے ہی مردم شماری کا سلسلہ شروع کرايا گيا ہے۔ انیس سال بعد ہونے والی اس مردم شماری کے دوران فوج کے دو لاکھ جوان اس عمل کی نگرانی پر مامور ہیں۔ یہ سلسلہ پندرہ مئی تک جاری رہے گا۔

 یہ واقعہ لاہور کے بیدیاں روڈ پر پیش آیا۔ حکام نے بتایا ہے کہ دھماکے کے مقام پر شواہد اکھٹے کيے جا رہے ہیں۔ صوبہ پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے ایک تازہ انٹرویو میں اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں ہونے والی تقریباً تمام دہشت گردانہ کارروائیوں کی ذمہ داری جماعت الاحرار نامی تنظیم قبول کرتی رہی ہے۔ حکام کا خیال ہے کہ اس حملے میں بیس سے پچیس کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔