1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاہور میں سیلاب زدگان کے لئے فن پاروں کی نمائش

22 ستمبر 2010

پاکستان کے فنکاروں نے سیلاب زدگان کی امداد کے لئے اپنے شاہکار فن پارے فروخت کے لئے پیش کر دئے ہیں۔ الحمرا آرٹس سینٹر میں ہونے والی فن کے ان نمونوں کی پانچ روزہ نمائش کا نام ’آرٹ فار لائف‘ رکھا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/PIMB
تصویر: DW

سیلاب زدگان کی مدد کے لئے اہتمام کردہ اپنی نوعیت کی اس منفرد نمائش میں فوٹو گرافروں، خطاطوں، مصوروں اور دیگر فنکاروں نے اپنے ایک سو اکسٹھ فن پارے فروخت کے لئے نمائش میں رکھے ہیں۔اس نمائش کا اہتمام پنجاب یونیورسٹی کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے فارغ التحصیل طلبا نے کیا ہے۔

اس کالج کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر راحت نوید مسعود نے ریڈیو ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ اس نمائش سے ہونے والی تمام آمدنی سیلاب سے متاثر ہونے والے فنکاروں، مصوروں، دستکاروں اور خطاطوں کی مالی امداد کے لئے استعمال کی جائے گی۔

اس نمائش میں سلیمہ ہاشمی، شاہ نواز زیدی، قدوس مرزا، سعید اختر، نصیر بابا اور قدسیہ بلوچ سمیت کئی نامور تخلیق کاروں کے فن پارے شامل کئے گئے ہیں۔اس نمائش میں رکھے گئے فن پاروں کی تیار ی میں تصویروں، خطاطی کے نمونوں اور آئل پینٹنگ سمیت آرٹ کی کئی اقسام سے مدد لی گئی ہے۔

Pakistan Flutopfer Kunst
یہ اپنی نوعیت کی منفرد نمائش ہےتصویر: DW

اب تک تین درجن سے زائد فن پارے فروخت ہو بھی چکے ہیں۔ نمائش کنندہ تخلیق کاروں نے اپنے فن پاروں پر تیس فیصد تک رعایت دینے کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔ ایک فنکارہ سمیرا جواد نے بتایا کہ اس نمائش میں حصہ لینا ان کے لئے اعزاز کی بات ہے۔ سمیرا کے مطابق پاکستانی فنکاروں میں اس نمائش کے حوالے سے کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔

قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ اس نمائش کے آغاز سے قبل ہی اس میں شامل کی گئی کئی پینٹنگز ہاتھوں ہاتھ بک گئی تھیں۔

رپورٹ: تنویر شہزاد، لاہور

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں