لاہور کی سٹرکوں پر خواتین موٹر سائیکل سواروں کی ریلی
پاکستانی شہر لاہور میں حکومت پنجاب کی جانب سے خواتین کو سستے داموں موٹر سائیکلیں فراہم کرنے کی ایک تقریب منعقد کی گئی۔ گزشتہ روز منعقد ہوئی اس تقریب کے اختتام پر لاہور میں خواتین موٹر سائیکل سواروں نے ایک ریلی بھی نکالی۔
’سی ڈی 70 ڈریم‘ موٹر سائیکلیں
اس تقریب میں ساٹھ خواتین کو سستے داموں ’سی ڈی 70 ڈریم‘ موٹر سائیکلیں فراہم کی گئیں۔ یہ موٹر سائیکلیں لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان اور راولپنڈی سے تعلق رکھنے والی خواتین کو فراہم کی گئی ہیں۔
پاکستان کی بہادر عورتیں یہ کر سکتی ہیں
مصنف اور اداکارہ میرا سیٹھی نے بھی اس ریلی میں شرکت کی۔ سیٹھی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ لاہور کی سٹرکوں پر خواتین موٹر سائیکل سوار کتنی اچھی لگیں گی۔ یہ پیشرفت خواتین کی خود مختاری اور روز مرہ زندگی میں ان کی شمولیت کی ایک نئی مثال قائم کرے گی۔ سیٹھی نے لکھا کہ وہ جانتی ہیں کہ یہ تھوڑا مشکل ہے لیکن پاکستان کی بہادر عورتیں یہ کر سکتی ہیں۔
یہ لاہور کی سٹرک ہے
گلوکارہ میشا شفیع بھی اس ریلی میں شریک تھیں۔ انہوں نے اپنی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کس نے کہا ہے کہ وہ کینیڈا چلی گئی ہیں، یہ لاہور کی سٹرک ہے۔ انہوں نے لکھا، ’’ویمن آن وہیلز ریلی میں ان بہادر خواتین کے ساتھ موٹر سائیکل چلا کر مجھے بہت اچھا لگا ہے۔‘‘ شفیع نے ابھی حال ہی میں معروف گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا اور افواہ تھی کہ وہ ملک چھوڑ کر کینیڈا چلی گئی ہیں۔
ویمن آن وہیلز مہم
ویمن آن وہیلز مہم لاہور، ملتان ، فیصل آباد، راولپنڈی اور سرگودھا میں شروع کی جا چکی ہے اور اب تک اس مہم کے تحت 3500 خواتین کو موٹر سائیکل چلانا سکھایا جا چکا ہے۔
بڑی تعداد میں خواتین کی شرکت
ریلی میں بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ اس موقع پر سماجی کارکنان بھی موجود تھے۔