1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لندن کے میئر صادق خان لاہور میں

عاطف توقیر
6 دسمبر 2017

لندن کے میئر صادق خان پاکستانی شہر لاہور پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اپنی مہم ’لندن سب کے لیے کھلا ہے‘ کی ترویج کریں گے۔ وہ بھارت سے واہگا بارڈر کے ذریعے پاکستان میں داخل ہوئے۔

https://p.dw.com/p/2oprd
Notting Hill Karneval  in London
تصویر: picture-alliance/dpa/Y.Mok

پاکستان داخلے پر میئر لاہور کرنل (ریٹائرڈ) مبشر جاوید اور دیگر حکومتی عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔

پاکستانی صوبے پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے بھی اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں صادق خان کا خیرمقدم کرتے ہوئےکہا کہ وہ انہیں تاریخی شہر لاہور آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

اس سے قبل صادق خان نے بھارت میں متعدد حکومتی عہدیداروں اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والوں کے علاوہ فلمی ستاروں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ صادق خان نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں نئی دہلی کا شکریہ بھی ادا کیا۔


پاکستان پہنچنے سے قبل صادق خان نے کہا کہ ایک کثیرالثقافی اور عالمی مرکز شہر کے میئر کی حیثیت سے ان کے لیے نہایت ضروری تھا کہ وہ پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کا دورہ کرتے کیوں کہ ان دونوں ہی ممالک سے لندن شہر کے ثقافتی، تعلیمی اور کاروباری روابط ہیں۔

صادق خان نے بھارت میں ممبئی، نئی دہلی اور امرتسر میں قیام کیا تھا، جب کہ پاکستان میں وہ لاہور، اسلام آباد اور کراچی میں ٹھہریں گے۔

اس دورے سے چند روز قبل صادق خان نے برٹش میوزم لندن میں بانیء پاکستان محمد علی جناح کے ایک مجسمے کا افتتاح بھی کیا۔

اس حوالے سے بھی سوشل میڈیا پر خاصی گہما گہمی دیکھی گئی۔ سوشل میڈیا صارف غلام رسول کے مطابق، ’’یہ ان کے لیے نہایت اعزاز کی بات تھی کہ انہوں نے بانی پاکستان کے مجمسے کی اس افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔‘‘

پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی صادق خان کے پاکستان کے دورے پر تہنیتی پیغامات دیکھنے میں آ رہے ہیں۔