1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لوئیس سواریش پر نو میچوں کی پابندی

شامل شمس27 جون 2014

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کی ڈسپلنری کمیٹی نے یوروگوائے کے اسٹرائیکر لوئیس سواریش پر چار ماہ کے لیے فٹ بال کھیلنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ سزا ان کو مخالف کھلاڑی کو کاٹنے پر سنائی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1CR71
تصویر: JAVIER SORIANO/AFP/Getty Images

یوروگوائے کے اسٹار کھلاڑی سواریش نے برازیل میں کھیلے جا رہے عالمی کپ کے ایک مقابلے میں اطالوی کھلاڑی چیلینی کو میچ کے دوران کاندھے پر کاٹ لیا تھا۔ یہ میچ یوروگوائے کی ٹیم صفر کے مقابلے میں ایک گول سے جیت تو گئی تھی تاہم سواریش کی اس حرکت پر فٹ بال کی دنیا میں ہنگامہ برپا ہو گیا تھا۔ حاضر اور سابقہ کھلاڑیوں نے سواریش پر سخت سے سخت پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کر دیا تھا۔ سواریش کا اس بارے میں مؤقف تھا کہ انہوں نے مخالف کھلاڑی کو کاٹا نہیں تھا بلکہ وہ ان کے منہ پر آ گرے تھے۔

فیفا کی ڈسپلنری کمیٹی نے اس حوالے سے ایک ہنگامی اجلاس بلا کر جمعرات کے روز اس حوالے سے اپنا فیصلہ سنا دیا۔ فیصلے کے مطابق سواریش چار ماہ تک فٹ بال سے منسلک کسی بھی طرح کی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ ان پر نو بین الاقوامی میچوں کی پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔ اس فیصلے کے بعد سواریش عالمی کپ کے بقیہ میچوں میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ یوروگوائے عالمی کپ کے ’’آخری سولہ‘‘ مرحلے میں پیش قدمی کر چکی ہے اور ہفتے کے روز وہ ایک اور جنوبی امریکی ٹیم کولمبیا کے خلاف میچ کھیلے گی۔

یوروگوائے فٹ بال ایسوسی ایشن اس فیصلے کے خلاف اپیل کر سکتی ہے۔

فیفا کی ڈسپلنری کمیٹی کے سربراہ کلاڈیو سلسر نے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا: ’’اس طرح کی حرکت کسی بھی فٹ بال گراؤنڈ پر برداشت نہیں کی جائے گی، خاص طور پر فیفا ورلڈ کپ میں تو بالکل بھی نہیں، کیوں کہ کروڑوں افراد اس ٹورنامنٹ کو دیکھ رہے ہوتے ہیں۔‘‘

سواریش پر نو بین الاقوامی میچوں کی پابندی کے بعد وہ سن دو ہزار پندرہ میں ہونے والے کوپا امیریکا میں بھی شرکت نہیں کر پائیں گے۔ یوروگوائے اس ٹورنامنٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ اس کے علاوہ سواریش اگلے سیزن میں برطانوی کلب لیور پول کے لیے ابتدائی میچ بھی نہیں کھیل سکیں گے۔

اس سے قبل بھی ان پر اس طرح کے دو واقعات کے بعد پابندی عائد کی گئی تھی۔

سواریش کی اسپانسر جرمن کمپنی آڈیڈاس نے فیفا کے فیصلے کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کی جانب سے اس طرح کی حرکت کی حمایت نہیں کر سکتی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید