لڑکیاں سائنس کی تعلیم حاصل کریں، میرکل
21 اپریل 2018جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے آج ہفتہ 21 اپریل کو اپنے ہفتہ وار ویڈیو پوڈ کاسٹ میں ملک میں اعلیٰ تربیت یافتہ کارکنوں کی بڑھتی ہوئی کمی کے معاملے کو بھی اپنا موضوع بنایا۔ انہوں نے اس حوالے سے لڑکیوں پر زور دیا کہ وہ فزکس، حساب اور انجینیئرنگ کے شعبوں کو اختیار کریں۔
انگیلا میرکل کا کہنا تھا، ’’میں نوجوان لڑکیوں کو یہ بتانا چاہوں گی کہ اس طرح کے شعبوں کو اختیار کرنے سے ان کے لیے بہت اچھی ملازمت کے امکانات کافی زیادہ روشن ہو جائیں گے۔‘‘ جرمن چانسلر کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے خود بھی ’’انتہائی دلچسپی کے ساتھ‘‘ فزکس پڑھی ہے۔
جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق جرمن چانسلر کا اس موقع پر یہ بھی کہنا تھا کہ ان کا دفتر 26 اپریل کو ’’گرلز ڈے‘‘ یا لڑکیوں کا دن منعقد کرے گا جس میں ایسی لڑکیوں کے لیے تمام تر معلومات کا بندوبست کیا جائے گا جو اپنے مستقبل کے پیشوں کے امکانات کے بارے میں جاننا چاہتی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسی طرح کا ایک ایونٹ جلد ہی لڑکوں کے لیے بھی منعقد کیا جائے گا۔ میرکل کے مطابق، ’’ہم لڑکوں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں کہ وہ تعلیم و تدریس اور تیمار داری کے شعبوں کے بارے میں واقفیت حاصل کریں۔‘‘
جرمن میں اعلیٰ تربیت یافتہ ورکرز کی شدید کمی ہے۔ اندازوں کے مطابق یہ کمی سال 2040ء تک بڑھ کر 30 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔ ٹیکنیکل شعبوں میں تربیت یافتہ ورکرز مثلاﹰ انجینیئرز اور آئی ٹی اسپیشلسٹس کی کمی کے علاوہ جرمنی کو طبی تیمارداری کے شعبوں میں بھی تربیت یافتہ کارکنوں کی کمی کا خاص طور پر سامنا ہے۔
ا ب ا / ع ق (ڈی پی اے)