لیبیا: سرت پر قبضے کی جنگ جاری
9 اکتوبر 2011سرت کے علاوہ بن ولید پر بھی عبوری حکومت کی افواج کے حملے جاری ہیں۔ سرت اور بن ولید ان چند علاقوں میں ہیں جن پر اب تک قذافی کے حامی قابض ہیں۔ دارالحکومت طرابلس پر قذافی مخالفین کے قبضے کے بعد سے اب تک قذافی روپوش ہیں۔ ان کی تلاش جاری ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق حکومتی افواج نے قذافی کے حامیوں کو مزید پیچھے دھکیل دیا ہے۔ تاہم عبوری حکومت کے سربراہ مصطفیٰ عبدالجلیل کا کہنا ہے کہ سرت اور بن ولید کی فوجی کارروائیاں آسان نہیں ہیں۔
حکومتی فورسز کو ہفتے کے روز ایک اسٹریٹیجک کامیابی اس وقت حاصل ہوئی جب انہوں نے اس چوراہے کا کنٹرول حاصل کر لیا جو کہ قذافی کے حامیوں پر فیصلہ کن حملے کا راستہ ہے۔
دوسری جانب سرت میں ہزاروں کی تعداد میں شہریوں کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ عبوری کونسل کے مطابق ان کی کوشش ہے کہ وہ شہریوں کو حفاظت کے ساتھ باہر نکال سکیں تاکہ وہ فائرنگ کا نشانہ بننے سے بچ سکیں۔
قبل ازیں نیٹو کے کمانڈروں نے امید ظاہر کی تھی کہ لیبیا کے سابق حکمران معمر قذافی کا آبائی شہر سرت جلد ہی عبوری کونسل کی حکومت کے قبضے میں آ جائے گا۔ نیٹو کمانڈروں کا یہ تجزیہ امریکی وزیر دفاع لیون پینیٹا کو پیش کیا گیا تھا۔
اس تجزیے میں یہ بھی کہا گیا کہ قذافی کا کنٹرول سرت پر تقریباً ختم ہو چکا ہے اور ان کی حامی افواج بھی تیزی سے ان کا ساتھ چھوڑ رہی ہیں۔
رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: امتیاز احمد