1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیبیا میں ترک فوجیوں کی تعیناتی اور ’گیس کے ذخائر کی جنگ‘

4 جنوری 2020

ترکی کو سن دو ہزار اٹھارہ سے معاشی بحران کا سامنا ہے۔ تو ایسے میں ترک حکومت بیرون ملک ایک اور مہنگی فوجی تعیناتی کیوں کرنا چاہتی ہے؟ اس ملک کے فوجی پہلے ہی شمالی شام میں مصروف ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ اب لیبیا کیوں؟

https://p.dw.com/p/3Vi4V
Türkei l Erdogan will Truppen nach Libyen schicken - Militär
تصویر: Getty Images/AFP/D. Souleiman

چند روز قبل ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا تھا کہ ترکی لیبیا میں مداخلت بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی مدد کے لیے کر رہا ہے تاکہ طرابلس حکومت کو 'جنگی سردار‘ خلیفہ حفتر سے بچایا جا سکے۔ انقرہ حکومت کے مطابق لیبیا میں ترک فوجی جی این اے حکومت کے سربراہ فائز السراج کے ساتھ ہونے والے نومبر معاہدے کے تحت تعینات کیے جا رہے ہیں۔ لیکن تجزیہ کاروں کے مطابق وجہ صرف یہی نہیں ہے۔

حالیہ کچھ عرصے میں صدر ایردوآن کی مقبولیت میں کمی واقع ہوئی ہے اور استنبول جیسے بڑے شہر میں ان کی جماعت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق لیبیا میں ترک فوجی تعینات کرنے سے نیشنلزم کی ایک نئی لہر پیدا ہو گی اور ترک صدر اس سے فائدہ اٹھائیں گے۔

وہ ترکی کو اس طرح ایک طاقتور بین الاقوامی کھلاڑی ثابت کرنا چاہتے ہیں اور عوام سے خطاب کے دوران انہوں نے یہ حوالہ بھی دیا تھا کہ سلطنت عثمانیہ کے اختتام پر جدید ترکی کے بانی کمال مصطفیٰ اتاترک بھی لیبیا میں لڑتے رہے تھے۔ لیبیا میں فوجی تعینات کرنے سے عوام میں ماضی کی عظمت کے خواب دوبارہ بیدار ہوں گے اور ترک صدر اس کا سیاسی فائدہ اٹھائیں گے۔ لیکن اس سے بھی بڑا فائدہ ترکی کو مشرقی بحیرہ روم کے گیس کے ذخائر کے حوالے سے ہو سکتا ہے۔

Türkei Präsident Recep Tayyip Erdogan
تصویر: picture-alliance/AA/H. Sagirkaya

بحیرہ روم اور گیس کے ذخائر

ترکی لیبیا کے ساتھ فوجی معاہدے کے تحت اپنے معاشی مفادات کا فائدہ بھی دیکھ رہا ہے۔ فائز السراج کے ساتھ ہونے والا معاہدہ فوجی تعاون سے بھی کچھ زیادہ ہے۔ فائز السراج نے بین الاقوامی سمندری حدود کے حوالے سے بھی ترکی کے ساتھ ایک نکتے پر اتفاق کیا ہے، جس  کے تحت ترکی کو قبرص کے جنوبی ساحل پر دس برس پہلے دریافت ہونے والے گیس کے وسیع ذخائر تک براہ راست رسائی حاصل ہو جائے گی۔

لیکن دس برس قبل دریافت ہونے والے گیس کے یہ ذخائر ایک بہت بڑے تنازعے میں بھی تبدیل ہو سکتے ہیں۔ بحیرہ روم کا تیسرا بڑا جزیرہ قبرص 1974ء سے ترکی اور یونان کے مابین تقسیم ہے۔ اس کے شمالی حصے پر ترکی کا کنٹرول ہے جبکہ جنوبی حصے پر یونان کی حکومت ہے۔

یونان کے زیر کنٹرول قبرص (ریپبلک آف سائپرس) کی حکومت نے ایک قانون بنایا تھا کہ اس کے ساحل سے دو سو سمندری میل کے اندر اندر ان کی اجازت سے کوئی بھی کمپنی یا ملک ذخائر دریافت کر سکتا ہے اور ملنے والے قدرتی ذخائر ریپبلک آف سائپرس کی ملکیت ہوں گے۔ دوسری جانب انقرہ حکومت بھی ایسا ہی ایک دعویٰ کرتی ہے کیوں کہ نصف قبرص ان کے زیر انتظام ہے۔     

 تاہم بین الاقوامی برادری نے ترکی کے زیر کنٹرول شمال قبرص کو ابھی تک ایک خود مختار ریاست تسلیم نہیں کیا اور یہی وجہ ہے کہ اس خطے کے دیگر ممالک ترکی کے ان ذخائر پر دعوے کو مسترد کر رہے ہیں۔

حیران کن طور پر جس دن ترکی نے لیبیا میں اپنے فوجیوں کی تعیناتی کی پارلیمانی منظوری دی، اسی دن اسرائیل، قبرص اور یونان نے ایک مشترکہ معاہدے پر دستخط کیے، جس کا مقصد 'ایسٹ مڈ گیس پائپ لائن‘ کے منصوبے کو آگے بڑھانا ہے۔ اس 1900 کلومیٹر طویل گیس پائپ لائن کے ذریعے اسرائیل اور قبرص یونان کے ساتھ ساتھ اٹلی اور دیگر یورپی ممالک کو گیس فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ گیس کے حوالے سے یورپ کا انحصار روس پر ہے۔ یورپ کی بھی خواہش کے کہ ان کے پاس روس کا کوئی متبادل موجود ہو۔

گیس کے ذخائر کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات میں کبھی بھی اسرائیل، یونان اور قبرص نے ترکی کو شامل ہونے کی دعوت نہیں دی۔ لیکن لیبیا کے ساتھ معاہدے کے تحت ترکی بحیرہ روم کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مذاکرات میں شامل ہونے کی پوزیشن میں آ چکا ہے۔ 

ڈانئیل بیلوٹ / ا ا / ع ب