لیونارڈو ڈاونچی کے ’سیلف پورٹریٹ‘ کی نمائش
22 نومبر 2011یہ نمائش اٹلی کے شہر ٹیورین میں ہو رہی ہے۔ اس نایاب تصویرکی حفاظت کے پیش نظر 50 ملین یورو کی انشورنس کرائی گئی ہے۔
اس پینٹگ میں ڈاونچی نے خود کو ایک بڑی عمر کے فرد کے طور پر ظاہر کیا ہے۔ تصویرکوٹیورین کی رائل لائبریری میں شیشے کے ایک خصوصی باکس میں رکھا گیاہے جس میں مختلف سینسر لگے ہوئے ہیں۔ اس نادرتصویرکو پہلی مرتبہ سن 1929ء میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا۔ اس کے بعد سن 2006ء میں دوبارہ نمائش کا انعقاد کیا گیا۔
نومبر میں شروع ہونے والی نمائش ٹیورین کے نزدیک ایک تاریخی عمارت میں ہو رہی ہے۔ اس عمارت کو 17ویں صدی میں شاہی رہائش گاہ کا درجہ حاصل تھا۔ آئندہ برس 29 جنوری تک جاری رہنے والی اس نمائش کا عنوان " لیونارڈو۔ دی جینیئس اینڈ دی متھ" ہے۔ نمائش کے منتظم کارلو پڈریٹی نے اس حوالے سے بتایا کہ یہ ایک تعارفی نمائش ہے کیونکہ بڑے پیمانے پر نمائش کا انعقاد ڈاونچی کی 500 ویں برسی کے موقع پر دو مئی 2019ء کو فرانس کے شہر Amboise میں کیا جائے گا۔ ڈاونچی اس شہر میں قیام پذیر رہے اور سن 1519ء میں وہیں انتقال کر گئے تھے۔
لندن کی نیشنل گیلری کے زیر اہتمام بھی ڈاونچی کے نادر فن پاروں کی ایک نمائش اس وقت جاری ہے۔ اس نمائش کا افتتاح رواں ماہ کے آغاز پر کیا گیا تھا اور یہ اگلے برس پانچ فروری تک جاری رہے گی۔ منتظمین کے مطابق اس نمائش کے انعقاد میں پانچ سال کا عرصہ صرف ہوا ہے کیونکہ نو نادر فن پاروں کو نمائش میں لانے کے لیے 30 مختلف اداروں سے رجوع کرنا پڑا۔ اس نمائش کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ لندن کے معروف اخبار" دی ٹائمز" نے اس تقریب کو برطانیہ کی دلچسپ ترین تقریبات میں سے ایک قرار دیا ہے۔
رپورٹ: شاہد افراز خان
ادارت: ندیم گِل