1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیونل میسی اب فرانسیسی فٹ بال کلب سے کھیلیں گے

10 اگست 2021

عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر لیونل میسی اور فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین میں معاملات طے پا گئے ہیں۔ ارجنٹائن کے فٹ بالر سترہ برس تک ہسپانوی فٹ بال کلب بارسلونا کی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3yo94
Frankreich Paris | Lionel Messi
تصویر: Francois Mori/AP/picture alliance

کھیلوں کے مشہور جریدے لیکوئپ (L'Equipe) نے اپنی ویب سائٹ پر یہ خبر جاری کی ہے کہ لیونل میسی کی فرانسیسی فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمین کو منتقلی کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

دوسری جانب میسی کے والد خورہے میسی نے بارسلونا ایئر پورٹ پر بعض ہسپانوی میڈیا کے نمائندوں کے سوال کے جواب میں بتایا کہ ان کا بیٹا پیرس سینٹ جرمین کلب میں شامل ہو رہے ہیں۔ خورہے میسی اپنے بیٹے لیونل میسی کے ہمراہ بارسلونا ایئر پورٹ پر فرانس روانگی کے لیے پہنچے تھے۔آخر میسی اب بارسلونا کے لیے کیوں نہیں کھیلیں گے؟

اس موقع پر صرف میسی کے والد ہی نے میڈیا سے گفتگو کی اور اس میں اپنے بیٹے کی فرانسیسی کلب کا حصہ بننے کی تصدیق کی۔ لیونل میسی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرنے کو اہمیت نہیں دی۔

یہ امکان پایا جاتا ہے کہ فریقین معاہدے کی تمام جزئیات کو طے کرنے کے بعد ہی شاید کسی پریس کانفرنس میں تمام تفصیلات کو بیان کریں۔

Spanien Lionel Messi
چونتیس سالہ لیونل میسی نے آٹھ اگست بروز اتوار بارسلونا کو گلوگیر آواز میں الوداع  کہاتصویر: Pau Barrena/Getty Images/AFP

بارسلونا کو جذباتی الوداع

ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے چونتیس سالہ لیونل میسی کو اپنے ملک اور بارسلونا کا سرمایہ قرار دیا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے آٹھ اگست بروز اتوار بارسلونا کو گلوگیر آواز میں الوداع  کہا۔

چھ مرتبہ سال کے بہترین فٹ بالر (Ballon d'Or) کا اعزاز جیتنے والے فٹ بالر نے ہسپانوی کلب کے ساتھ بطور ٹین ایجر تعلق استوار کیا تھا۔ سترہ برسوں کے بعد بارسلونا کلب نے ان کی شہرت کے مطابق معاوضہ ادا کرنے سے معذوری ظاہر کر دی اور اس کی ذمہ داری ملکی یعنی ہسپانوی فٹ بال کلبوں کے نگران ادارے 'لا لیگا‘ کے فیئر پلے ضوابط پر عائد کی۔

میسی نے پیلے کا ریکارڈ توڑ دیا

پیرس سینٹ جرمین میں آمد

فرانسیسی فٹ بال کلب پہلے ہی کئی شاندار اور مشہور کھلاڑیوں سے سجا ہوا ہے۔ اسی کلب میں موجودہ دور کے تیز رفتار اور جاندار فارورڈ ارجنٹائنی اسٹرائیکر نیمار اور فرانسیسی فارورڈ کیلیان ایم باپے شامل ہیں اور کلب کی نمائندگی یورپی اور ملکی فٹ بال لیگوں میں کرتے ہیں۔

لیونل میسی نے اپنے فٹ بال کیریئر میں چھ سو بیاسی گول کیے ہیں، جو ایک ریکارڈ ہے۔ مبصرین کے مطابق میسی کی پیرس سینٹ جرمین میں شمولیت سے اس کی فارورڈ لائن انتہائی خطرناک روپ اختیار کر سکتی ہے۔ اس اسٹرائیک لائن کے ساتھ یہ کلب پہلی مرتبہ یورپی فٹ بال کلبوں کی سب سے اعلیٰ اور معتبر چیمپیئن شپ 'چیمپیئنز لیگ‘ جیتنے کے قابل ہو جائے گی۔

Karikatur von Vladdo - Corazón partido
چھ مرتبہ سال کے بہترین فٹ بالر (Ballon d'Or) کا اعزاز جیتنے والے میسی نے بارسلونا کے ساتھ بطور ٹین ایجر تعلق استوار کیا تھا

پیرس سینٹ جرمین کے ساتھ ممکنہ معاہدہ

 خیال کیا جا رہا ہے کہ میسی فرانسیسی کلب کے ساتھ اپنا اولین معاہدہ دو سال کے لیے کریں گے۔ نیوز ایجنسی اے پی نے اپنے داخلی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ یہ معاہدہ دو سال کے لیے ہی ہو گا اور اس کی مالیت پینتیس ملین یورو یا اکتالیس ملین ڈالر ہو گی۔

اے پی کا مزید کہنا ہے کہ میسی اس کلب کے ساتھ اپنا معاہدہ دو سال کے بعد بڑھانے کے اہل بھی ہوں گے۔ کھیلوں کے معتبر مبصرین کے مطابق پیرس سینٹ جرمین اس ایگریمنٹ میں اضافہ یقینی طور پر میسی کی پرفارمنس اور چیمپیئنز لیگ میں کلب کی مجموعی کارکردگی کے تناظر میں کرے گی۔

لیونل میسی نے نیا کلب جوائن کر لیا، ارب پتی کھلاڑیوں کا کلب

پیرس سینٹ جرمین کلب کی ملکیت قطری اسپورٹس انویسٹمینٹ کے پاس ہے اور اس کے صدر ناصر الخلائفی ہیں۔ اس کلب کا قیام پچاس برس قبل سن 1970 میں عمل میں آیا تھا۔ اس کے موجودہ ہیڈ کوچ موریسیو پوسیٹیںو ہیں۔

ع ح/ک م (روئٹرز، اے پی)