لیڈی گاگا کا کتا: فائرنگ کرنے والے کو 21 برس قید کی سزا
6 دسمبر 2022امریکی حکام نے پانچ دسمبر پیر کے روز بتایا کہ جس شخص نے گزشتہ برس معروف پاپ اسٹار لیڈی گاگا کے ڈاگ واکر کو گولی مار کر زخمی کر دیا تھا، اسے 21 برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ ملزم نے عدالت میں اپنی کرتوت کا اعتراف بھی کر لیا تھا۔
مدھر آوازوں نے سجائی لاس اینجلس کی خوبصورت شام
گزشتہ برس فروری میں لیڈی گاگا کے کتوں کو چہل قدمی کرانے والے شخص پر ہالی ووڈ میں ایک سڑک پر حملہ کیا گیا تھا اور تین کتوں میں سے فرانسیسی بلڈوگ نسل کے دو کتے چوری کر لیے گئے تھے۔ بعد میں پولیس نے ان کتوں کو برآمد کر کے گلوکارہ کو واپس کر دیا تھا۔
یورپی میوزک ایوارڈز، لیڈی گاگا پھر چھا گئیں
پیر کے روز مدعا علیہ نے اقدام قتل کی کوشش کے الزام کا مقابلہ نہ کرنے کی استدعا کے ساتھ ہی اس شخص کو جسمانی چوٹ پہنچانے کا اعتراف کیا اور کہا کہ اس نے ریان فشر کے سینے میں گولی ماری تھی۔
لیڈی گاگا گڑ گاؤں میں گائیں گی
لاس اینجلس کاؤنٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چونکہ ملزم نے خود ''بے رحمانہ پرتشدد فعل کے ارتکاب کا'' اعتراف کر لیا اس لیے عدالت نے اسے جوابدہ ٹھہراتے ہوئے ریان فشر کو انصاف فراہم کیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق فشر نے بھی عدالت کی سماعت میں شرکت کی اور مدعا علیہ کے خلاف بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس حملے نے ہمیشہ کے لیے ان کی زندگی بدل کر رکھ دی۔
حملے میں کون ملوث تھا؟
جس شخص کو 21 برس کی قید کی سزا سنائی گئی ہے وہ ان تین مردوں اور دو دیگر ساتھیوں میں سے ایک ہیں، جو کتوں کی اس ڈکیتی میں ملوث تھے۔ رواں برس کے اوائل میں انہیں حراست سے رہا کر دیا گیا تھا، جس کے بارے میں حکام نے کہا تھا کہ یہ ایک ''کلریکل غلطی'' تھی۔
اس واقعے کے دو دیگر حملہ آوروں کو اس حملے میں ان کے جرم کی پاداش میں پہلے ہی جیل بھیجا چکا ہے۔
پولیس حکام نے پہلے یہ کہا تھا کہ ان کے پاس اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ مدعا علیہان دانستہ طور پر لیڈی گاگا کو نشانہ بنا رہے تھے اور ممکنہ طور پر وہ کتوں کی قیمتی نسل کے سبب ان کی مالی قدر کی وجہ سے انہیں چرانا چاہتے تھے۔
استغاثہ کا کہنا تھا کہ تینوں افراد فروری 2021 میں ''فرانسیسی بلڈوگس نسل کے کتوں کی تلاش میں '' ادھر ادھر مارے مارے پھر رہے تھے۔
حملے کے بعد لیڈی گاگا نے اپنے دو کتوں کی واپسی کے لیے پانچ لاکھ امریکی ڈالر کے انعام کی پیشکش بھی کی تھی جب کہ ان کا تیسرا کتا اس حملے میں بچ گیا تھا۔
جس خاتون نے بالآخر ان کتوں کو حوالے کیا تھا، ان پر انہیں چوری میں مدد کرنے اور بعض چوری کی گئی اشیاء وصول کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
ص ز/ ج ا (اے ایف پی، اے پی، روئٹرز)