مائیکروسافٹ کا ایکس باکس ون، ویڈیو گیم سے بہت آگے
22 مئی 2013مائیکروسافٹ کے انٹرایکٹیو انٹرٹینمنٹ بزنس کے سربراہ ڈون میٹرک Don Mattrick نے معروف ایکس باکس نامی گیمنگ کنسول کا نیا ورژن متعارف کراتے ہوئے کہنا تھا، ’’آج کے دن ہم آپ کو نئے دور کے لِوِنگ روم یا نشست گاہ کے وسط میں لے جا رہے ہیں۔‘‘
ایکس باک کے جدید بنائے گئے ہارڈ ویئر کے ساتھ ساتھ اس میں ایسا سافٹ ویئر بھی استعمال کیا گیا ہے جس کے ذریعے گیمز کھیلنے کے ساتھ ساتھ اس کے ذریعے ٹیلی وژن پروگرام بھی دیکھ سکتے ہیں، انٹرنیٹ براؤزنگ بھی کر سکتے ہیں اور مائیکروسافٹ ہی کی سروس اسکائپ کے ذریعے اپنے دوستوں کے ساتھ گروپ ویڈیو کالنگ سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
اس کنسول میں کائنیٹک موشن اور ساؤنڈ سنسرز بھی لگے ہوئے ہیں جن کے باعث یہ نہ صرف یوزرز یا استعمال کرنے والوں کو پہنچان سکتا ہے بلکہ عام زبان میں دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کے علاوہ آپ کی نبض کی رفتار بھی بتا سکتا ہے۔
مائیکروسافٹ انٹرٹینمنٹ یونٹ کے ایگزیکٹیو یوسف مہدی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ’’یہ مستقبل کی گیمز، انٹرٹینمنٹ اور اسمارٹ ٹیلی وژن کی نیو جنریشن کی ابتداء ہے۔‘‘
ڈون میٹرک کے مطابق یہ گیمنگ کنسول رواں برس کے آخر تک فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا، تاہم انہوں نے اس کی قیمت کے حوالے سے کوئی تفصیل نہیں بتائی۔
مائیکروسافٹ نے اپنا ایکس باکس 360 کنسول 2005ء کے آخر میں مارکیٹ کیا تھا۔ اس وقت سے اب تک اس کے 77 ملین کنسول فروخت ہو چکے ہیں۔ مائیکروسافٹ کی حریف کمپنی سونی کی جانب سے پلے اسٹیشن تھری کنسول 2006ء میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا اور اس کے بھی اب تک قریب اتنے ہی یونٹس فروخت ہو چکے ہیں۔
دوسری طرف نینٹینڈو اب تک اپنے Wii کنسول کے قریب 100 ملین یونٹس فروخت کر چکا ہے۔ 2006ء میں متعارف کرایا جانے والا یہ کنسول اپنے موشن سنسنگ کنٹرولز کی وجہ سے انتہائی مقبول ہوا تھا۔
aba/km (AFP)