1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مائیکل جیکسن وفات پا گئے

رپورٹ: عاطف بلوچ، ادارت: شامل شمس26 جون 2009

عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار مائیکل جیکسن جمعرات کے روز لاس اینجلس میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر پچاس برس تھی۔

https://p.dw.com/p/IbQN
مائیکل جیکسن کا شمار دنیا کے مشہور ترین فن کاروں میں کیا جاتا ہےتصویر: AP
Michael Jackson
انیس سو بیاسی میں ’تھرلر‘ نامی البم نے ان کو عالمی شہرت عطا کیتصویر: AP

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مائیکل جیکسن کی موت cardiac arrest کے نتیجے میں ہوئی۔ جمعرات کے دن مقامی وقت کے مطابق قریبا ساڑھے بارہ بجے وہ لاس اینجلس میں اپنے گھر میں بے ہوشی کے حالت میں پائے گئے۔ پیرامیڈک اسٹاف کے مطابق وہ سانس نہیں لے پا رہے تھے اوران کے دل نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔ طبی امدادی ٹیم نے پہلے جیکسن کو ان کے گھر پر ہی ابتدائی طبی امداد دی تاہم وہ کومے کی حالت میں چلے گئے اوراسی حالت میں انہیں لاس اینجلیس کے UCLA میڈیکل سینٹر لے جایا گیا جہاں مقامی وقت کے مطابق دو بج کر چھبیس منٹ پر ان کے انتقال کی خبر دی گئی۔ مائیکل جیکسن کے انتقال کی وجوہات تفصیل سے جاننے کے لئے ان کا پوسٹ مارٹم جمعہ کے دن متوقع ہے۔

جیکسن کے انتقال کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیلی۔ ابتدائی طور پر ذرائع ابلاغ میں کہا جا رہا تھا کہ وہ کومے کی حالت میں ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔ جیکسن کے انتقال کے بارے میں متضاد خبریں کچھ دیر تک ذرائع ابلاغ میں گردش کرتی رہیں اور اسی دوران ان کے ہزراوں پرستار UCLA میڈیکل سینٹر کے باہر ہونا جمع شروع گئے۔

تنازعات اور مالی مشکلات میں گھرے مائیکل جیکسن 50 سال کی عمرمکمل کرنے کےبعد موسیقی کی دنیا میں دوبارہ آتے ہوئے اپنے پچاس کنسرٹس کا سلسلہ شروع کر رہے تھے اور اس سلسلے میں پہلا کنسرٹ 13 جولائی کو لندن میں ہونا طے تھا۔ واضح رہے کہ مائیکل جیکسن ہمیشہ ہی صحت سے متعلق مسائل کا شکار رہے اور گزشتہ بارہ سالوں سے وہ اپنا کوئی بھی کنسرٹ ٹوئر مکمل نہیں کر سکے۔

جیکسن کی اچانک موت پر شو بز دنیا کے ستاروں نے گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔ کیلی فورنیا کے گورنر اور سابق فلم اسٹار Arnold Schwarzegger نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ موسیقی کی دنیا ، ایک اہم شخصیت سے محروم ہو گئی ہے۔