مارشل ٹیٹو کی 30 ویں برسی
4 مئی 2010کرشماتی شخصیت کے حامل ٹیٹو نےدوسری عالمی جنگ کے بعد اِس ملک میں اقتدار سنبھالا تھا اور وہ 35 برسوں تک اِس ملک کے سیاہ و سفید کے مالک رہے لیکن ٹیٹو سے ایک ہی غلطی ہوئی کہ اُنہوں نے 1945ء کے بعد اپنی صفوں میں فاشسٹ اور نیشنل سوشلسٹ رجحانات پر بات کرنے کی ممانعت کر دی تھی۔ جواز یہ بتایا گیا کہ یہ رجحانات محض اٹلی کے فاشسٹوں اور جرمنی کے نازیوں کی وجہ سے نظر آ رہے ہیں۔ چنانچہ ٹیٹو کی موت کے بعد پرانے تنازعات پھر سے ابھر کر سامنے آ گئے۔ وفاقی جرمن پارلیمان کے سابق رکن اور موستار شہر کے پہلے بین الاقوامی منتظم ہنس کوشنک کے خیال میں اگر اُس زمانے میں تاریخ کا بہتر انداز میں تجزیہ کر لیا جاتا تو خانہ جنگی کی نوعیت اُس سے جزوی طور پر مختلف ہوتی، جیسی کہ بعد میں ہمارے زمانے میں دیکھنے میں آئی ہے۔ کوشنک بتاتے ہیں کہ ٹیٹو نے یورپی اور عالمی سیاسی منظر نامے میں ایک اہم کردار ادا کیا:’’ سیدھے سیدھے انداز میں ہم کہہ سکتے ہیں کہ ٹیٹو کو پسند کیا جاتا تھا کیونکہ اُس نے خود کو ماسکو کے شکنجے سے آزاد کر لیا تھا۔ درحقیقت وہ اُن چند شخصیات میں سے ایک تھے، جو مختلف بلاکوں کے درمیان پُل تعمیر کرنے کے قابل تھیں اور جن کے ساتھ بات کی جا سکتی تھی۔ یورپ میں ان شخصیات کا تعلق فن لینڈ، یوگوسلاویہ اور آسٹریا سے تھا۔‘‘
برلن میں جنوب مشرقی یورپی تاریخ کے پروفیسر ہولم زُنڈہاؤسن کے مطابق سابق یوگوسلاویہ اور بیرونی دُنیا کے بہت سے لوگوں کا یہ دعویٰ غلط ہے کہ یوگوسلاوی ریاست وہاں بسنے والے قومی گروپوں کے درمیان پائی جانے والی اُس ازلی و ابدی نفرت کی وجہ سے ٹوٹی، جسے ٹیٹو کے دَور میں طاقت کے زور پر دبایا جاتا رہا تھا۔ اُن کے مطابق گورباچوف کے دور میں مشرق و مغرب کے درمیان تنازعہ ختم ہو جانے سے ناوابستہ ممالک کی اُس تحریک کا بھی مزید کوئی جواز باقی نہ ر ہا، جس کی بنیاد رکھنے والوں میں ٹیٹو بھی شامل تھے۔ ٹیٹو نے مزدوروں کو انتظامیہ کا حصہ بنانے کا جو طریقہء کار متعارف کروایا، وہ معاشی اعتبار سے غیر سُودمند ثابت ہوا اور ’ٹیٹو سسٹم‘ کہلانے والا نظام بتدریج اپنی افادیت کھو بیٹھا۔ زُنڈہاؤسن کہتے ہیں کہ ٹیٹو ہی کے ساتھی سیاستدان اور دانشور جنگ میں بھی ملوث تھے:’’ٹیٹو کا نام ایک ایسے رہنما کے طور پر آتا ہے، جس نے اپنے ملک کو نیشنل سوشلسٹوں اور اُن کے حلیفوں سے آزاد کروایا۔ ٹیٹو نے سٹالن کے خلاف کامیاب مزاحمت کی، پچاس کے عشرے کے اوائل سے یوگوسلاویہ میں حالات کی باگ ڈور اپنے ہاتھوں میں لی، مغربی دُنیا کی جانب مفاہمت کا ہاتھ بڑھایا، غیر جانبدار ملکوں کی تحریک میں اپنے ملک کو ایک خصوصی مقام دلوایا اور اپنے عوام کو ایک ایسی قدرے خوشحال زندگی دی، جس کا دیگر سوشلسٹ ممالک کے شہری اُس زمانے میں محض خواب ہی دیکھ سکتے تھے۔‘‘
تاہم زُنڈہاؤسن کے مطابق اپنی اِن پالیسیوں پر عملدرآمد کے لئے ٹیٹو نے جو طریقہ اپنایا، وہ درست نہیں تھا۔ جنگ کے اختتام پر قابض دَستوں، اُن کے لواحقین اور اُن کا ساتھ دینے والے مقامی لوگوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا کر ہلاک کیا گیا۔ زُنڈ ہاؤسن کے خیال میں ’اگر تب یوگوسلاویہ کے لئے جنگی جرائم کا کوئی ٹرائی بیونل مقرر کیا جاتا تو ممکن ہے کہ ٹیٹو کو بھی وہاں جوابدہ ہونا پڑتا۔‘
جرمن شہر پوٹسڈام میں فوجی تاریخ پر تحقیق کے محکمے کے ہارالڈ پوٹیمپا کے خیال میں دوسری عالمی جنگ کے دوران یوگوسلاویہ پر قابض جرمن دَستوں کے خلاف گوریلا جنگ اور اس ملک کو آزاد کروانے کا سہرا ٹیٹو کے سر بھی جاتا ہے۔ تاہم وہ کہتے ہیں کہ اُس زمانے میں لڑی گئی گوریلا جنگ کو آج کل کی نئی تحقیق ایک نئے انداز میں بھی دیکھتی ہے۔ درحقیقت ایک طرف چھاپہ ماروں کی سرگرمیاں تھیں تو دوسری جانب خود جرمن دَستے بھی وہاں سے واپس ہٹنا شروع ہو گئے تھے کیونکہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ جنوب مشرقی یورپ میں موجود سوویت سرخ فوج خطہء بلقان میں جرمن دَستوں کا راستہ کاٹ دے۔ پوٹیمپا کے مطابق ’غیر جانبدار ممالک کی تحریک بہرحال ٹیٹو کا کارنامہ ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ ٹیٹو کا یوگوسلاویہ مغربی ممالک کی طرز پر کوئی جمہوری ملک بھی نہیں تھا۔‘
رپورٹ: زیلما فلیپووِچ / امجد علی
ادارت: کشور مصطفےٰ