1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مالیاتی بحران: یونان نے قرضوں کی درخواست کر دی

23 اپریل 2010

یورپی یونین کے رکن ملک اور شدید نوعیت کے مالیاتی بحران کی شکار ریاست یونان نے جمعے کے روز یورپی یونین اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ IMF سے اربوں مالیت کے ہنگامی قرضون کی باقاعدہ درخواست کردی۔

https://p.dw.com/p/N51u
ہنگامی قرضے قومی ضرورت بن گئے ہیں، وزیر اعظم پاپاندریوتصویر: AP

یونان کو اپنے سالانہ بجٹ میں خسارے کو پورا کرنے کے لئے بیسیوں ارب یورو کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں ملکی وزیر اعظم جارج پاپاندریو نے قومی ٹیلی وژن پر اپنے خطاب میں کہا کہ ایتھنز کے لئے یہ قرضے حاصل کرنا ’قومی ضرورت‘ بن گیا ہے، کیونکہ گزشتہ قدامت پسند حکومت نے یونان کو اس طرح کے مالیاتی حالات میں چھوڑا کہ ان کے لئے کسی ’ڈوبتے جا رہے بحری جہاز‘ کی مثال ہی دی جا سکتی ہے۔

یونانی حکومت کی طرف سے یہ درخواست یورپی یونین کے ایک سربراہی اجلاس میں کئے گئے اس فیصلے کے بعد دی گئی ہے، جس میں 25 مارچ کے روز یورپی رہنماؤں نے یہ طے کیا تھا کہ ایتھنز کو اگر ہنگامی بنیادوں پر مدد کی ضرورت پڑی، اور اس نے باقاعدہ درخواست بھی کر دی، تو یونان کو نرم شرائط پر اربوں مالیت کی رقوم فراہم کر دی جائیں گی تاکہ اسے درپیش انتہائی پریشان کن نوعیت کے مالیاتی حالات کو بہتر بنایا جا سکے۔

Ausschreitungen in Athen
ریاستی مالیاتی مشکلات کےباعث عوامی شعبے میں بچتی اقدامات وسیع تر مظاہروں کا سبب بھی بنےتصویر: picture-alliance/ dpa

یورپی رہنماؤں کے اس فیصلے کے بعد یونان نے پہلے یہ کہا تھا کہ وہ جہاں تک ممکن ہوا، ان قرضوں کے حصول کے لئے درخواست دینے سے احتراز کرے گا، اور قومی بجٹ میں خسارہ اخراجات میں کمی اور نئے ٹیکسوں کے ذریعے پورا کیا جائے گا۔

ایتھنز حکومت کی ان کوششوں کے باوجود جب اسے اپنے مالیاتی اہداف حاصل ہوتے ناممکن نظر آنے لگے تو جمعے کے روز وزیر اعظم پاپاندریو نے اپنی حکومت کی طرف سے یورپی یونین اور IMF سے ہنگامی قرضوں کے اجراء کی درخواست کر دی۔

اس پر مختلف ملکوں اور مالیاتی منڈیوں کا فوری بین الاقوامی رد عمل دیکھنے میں آیا۔ یونانی اور یورپ کی دیگر سٹاک مارکیٹوں میں حصص کی قیمتوں میں وہ کمی رک گئی جو گزشتہ دو روز سے دیکھنے میں آ رہی تھی۔ اس کے علاوہ ایتھنز حکومت کے اس اقدام کا اثر عالمی منڈیوں میں یورپی مشترکہ کرنسی یورو کی قدروقیمت پر بھی پڑا۔

EU Logo mit Karte und Flagge 2010 Grafik: DW-Grafik, Olof Pock Datum 06.01.2010
یورپی رہنماؤں نے ایتھنز کے لئے ہنگامی امدادی پیکیج پر اتفاق 25 مارچ کوکیا

امریکہ نے اپنے فوری رد عمل میں اس بات کی حمایت کر دی کہ یونان کو IMF کی طرف سے بلاتاخیر ہنگامی قرضے جاری کئے جانا چاہییں۔ دوسری طرف وفاقی جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے یہ کہا کہ یونان کو مالی امداد اسی صورت میں مہیا کی جائے گی، جب یونین کے رکن اس ملک کے مالی حالات کی وجہ سے یورو کے لئے خطرات پیدا ہونا شروع ہو جائیں گے۔

انگیلا میرکل نے اپنا یہ بیان ایتھنز حکومت کی طرف سے درخواست دئے جانے اور پھر اس پر یورپی یونین کے اس رد عمل کے جواب میں دیا کہ برسلز کی رائے میں یونان کی مدد کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے، اور یونین یہ قرضے جلد از جلد جاری کرنے کی کوشش کرے گی۔

یونان میں ریاست کے ذمہ قرضوں کی مالیت 300 بلین یورو کے قریب بنتی ہے، جو برطانیہ میں عوامی شعبے کے ذمہ قرضوں کی مجموعی مالیت کے دوگنا سے بھی زیادہ ہے، حالانکہ برطانوی معیشت اپنے حجم میں یونانی اقتصادیات سے کہیں زیادہ بڑی ہے۔ یونان کے لئے تین سالہ قرضوں کا جو پیکیج طے کیا جا چکاہے، اس کے تحت ایتھنز کو 45 بلین یورو تک کے مالی وسائل مہیا کئے جائیں گے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں