1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

محمد عباس کی بالنگ کے گُن ’کون کون‘ گا رہا ہے؟

20 اکتوبر 2018

پاکستانی فاسٹ بالر محمد عباس کی امارات میں آسٹریلیا کے خلاف شاندار بالنگ نے عالمی کرکٹ کے چوٹی کے ناموں کو تعریف کرنے پر مجبور کردیا۔ جنوبی افریقی بالر ڈیل اسٹین نے انہیں مستقبل کا ’نمبر ون بولر‘ قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/36sqm
Cricket Pakistan vgegen Australien | Mohammad Abbas
تصویر: Getty Images/F. Nel

عالمی کرکٹ میں پاکستانی تیز گیند بازوں کا ہمیشہ بول بالا رہا ہے۔  پاکستانی فاسٹ بالرز کی طویل فہرست میں جو ایک نیا نام ابھر کر سامنے آیا، وہ ہے سیالکوٹ کے قریب ایک گاؤں جیٹھی سے تعلق رکھنے والے محمد عباس کا۔

متحدہ عرب امارات کی ’اسپن فرینڈلی‘ وکٹوں پر آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں محمد عباس کل 17 بلے بازوں کو پویلین کا راستہ دکھانے میں کامیاب رہے۔ عباس بارہ برس کے عرصے کے بعد کسی ایک ٹیسٹ میچ دس وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی فاسٹ بالر بن چکے ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں محمد عباس کو شاندار کارکردگی دکھانے پر ’مین آف دی سیریز‘  قرار دیا گیا۔ اس کارکردگی کے بعد ان کو کرکٹ کی دنیا سے بھرپور داد بھی وصول ہوئی۔ عالمی کرکٹ رینکنگ میں طویل عرصے تک نمبر ون بالر کا اعزاز رکھنے والے جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے محمد عباس کو مستقبل کا ’نمبر ون ٹیسٹ بالر‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ وہ محمد عباس میں آئندہ نمبر ون ٹیسٹ بالر دیکھ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم دسمبر میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی جس میں ممکنہ طور پر ڈیل اسٹین پاکستان کے مد مقابل ہوں گے۔

انگلش ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان بھی عباس کی تعریف میں پیچھے نہیں رہے۔ ’’ایک سال تک محمد عباس کی گیند بازی دیکھنے بعد یوں لگتا ہے کہ عباس مجھے ہر مرتبہ چھ گیندوں کے اندر ہی آؤٹ کردیں گے۔‘‘ یہ بات وان نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں لکھی۔

دوسری جانب اس ٹیسٹ سیریز کی مخالف ٹیم آسٹریلیا کے بالنگ کوچ ڈیوڈ سیکر بھی محمد عباس کی گیند بازی کے جادو سے متاثر رہے۔ ڈیوڈ سیکر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر محمد عباس کی بالنگ پر اظہار خیال کرتے ہوئے لکھا، ’’آسٹریلیا نے دراصل اسپن بولنگ کے  لیے تیاری کی تھی لیکن عباس کی نپی تلی باولنگ نے حیران کردیا۔‘‘

محمد عباس: سیالکوٹ کے ویلڈر سے دنیا کے مایہ ناز بولر تک

ابوظہبی میں ’مین آف دی سیریز‘ کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد محمد عباس نے ڈی ڈبلیو اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے زندگی میں بہت مشکل وقت دیکھا ہے اور انہوں نے ویلڈنگ، چمڑے کی فیکٹری اور کچہری میں بھی کام کیا۔ آسٹریلیا کے خلاف اپنی اس کامیابی کو محمد عباس نے  سیالکوٹ کرکٹ کے لیے اہم خدمات سرانجام دینے والے عامر وسیم کے نام سے منسوب کیا۔

ع آ / ا ا (نیوز ایجنسیاں)