مستقبل کے جدید ترین شہر
شہری آبادیوں میں اضافہ اور دستیاب انفراسٹرکچر پر بے انتہا بوجھ کے تناظر میں دنیا میں مختلف مقامات پر ایسے نئے اور جدید ترین شہروں کی تعمیر کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے.
نیوم، یہ صحرا کیا بننے جا رہا ہے؟
اگر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا نیوم شہر کی تعمیر کا منصوبہ کامیاب رہا، تو یہ دنیا کا محفوظ ترین اور جدید ترین شہر ہو گا۔ محمد بن سلمان پانچ سو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے یہاں خصوصی اقتصادی زون قائم کرنا چاہتے ہیں۔ بحیرہء احمر کے قریب واقع یہ شہر جدید ترین ٹیکنالوجی کا مرکز ہو گا اور یہاں نوجوان افراد کے لیے ملازمتوں کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔
مصدر شہر، سرسبز مگر خالی
متحدہ عرب امارات میں مصدر شہر کو اس انداز سے تعمیر کیا جا رہا ہے کہ جہاں ضرر رساں گیسوں کے اخراج کا نام و نشان تک نہیں ہو گا۔ اس شہر کو سن 2016ء میں مکمل ہونا تھا، تاہم بعد میں تعمیراتی مدت میں اضافہ کر دیا گیا۔ اب یہ شہر سن 2030 میں تکمیل پائے گا۔ بین الاقوامی متبادل توانائی ایجنسی یہاں دفتر قائم کر چکی ہے مگر انسانوں کا اس شہر میں بسنا ابھی باقی ہے۔
منگولیا کا شہر میدار
منگولیا کا دارالحکومت اولان باتور اکثر دھوئیں اور دھند سے اٹا رہتا ہے، اس لیے میدار کے نام سے دارالحکومت کے جنوب میں ایک نیا شہر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس ماحول دوست شہر میں تین لاکھ افراد آباد ہوں گے۔ اس شہر میں مہاتما بدھ کا سب سے بڑا مجسمہ بھی نصب کیا جائے گا جو شہر کی پہچان بھی ہو گا۔
ایک نیا شہر لِنگانگ
چینی شہر شنگھائی کے قریب نیا شہر لِنگانگ مستقبل کے اقتصادی مرکز کے طور پر بنایا جا رہا ہے۔ اس شہر کا نقشہ جرمن تعمیراتی کمپنی گیرکن، مارگ اینڈ پارٹنرز نے بنایا ہے۔ اس شہر میں آٹھ لاکھ افراد کو کم قیمت رہائش دستیاب ہو گی۔ شہر کے رہائشیوں کو نوکری اسی شہر میں ایک جدید ترین تحقیقی مرکز میں ملے گی۔
جنوبی کوریائی ذہانت
جنوبی کوریائی شہر سونگڈو کے لیے سمندر میں چھ مربع کلومیٹر کا عمارتی منصوبہ تیار کیا گیا۔ یہ دنیا کا سب سے ’اسمارٹ‘ شہر ہے، جہاں اس وقت قریب ایک لاکھ افراد آباد ہیں، جن میں زیادہ تر بہت امیر ہیں۔ اس شہر میں ٹریفک سے لے کر پولیس تک ہر شے ڈیجیٹل کیمروں اور سینسرز کی مدد سے آپس میں جڑی ہوئی ہے۔
نائجیریا کا مین ہیٹن
لاگوس شہر کے قریب ایک پرتعیش اقتصادی مرکز قائم کیا جا رہا ہے، جہاں ڈھائی لاکھ افراد کو آباد کیا جائے گا۔ اس شہر میں اونچی اونچی عمارتیں، شاپنگ مالز اور تمام تر دیگر آسائشیں موجود ہوں گی۔ ناقدین کے مطابق جب ایک ملک میں نصف سے زائد آبادی خطِ غربت سے نیچے ہو، اس انداز کا منصوبہ فقط امیروں کو خوش کرنے سے عبارت ہے۔
بیلمونٹ، بل گیٹس کا تصور
مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس امریکی ریاست ایریزونا میں بیلمونٹ اسمارٹ سٹی کے منصوبے کی پشت پر ہیں۔ ریاستی دارالحکومت فینکس سے ستر کلومیٹر دور اس شہر میں دو لاکھ افراد آباد ہوں گے۔ گو کہ یہ فی الحال صرف ایک تصور ہے مگر اس میں گھر اور کام کی جگہ کے درمیان ایک ’اسمارٹ ربط‘ قائم کیا جائے گا۔
کینیڈا میں گوگل ٹاؤن
گوگل کی مالک کمپنی ایلفابیٹ کینیڈا میں ایک نیا ضلع قائم کر رہی ہے، جو کئی اعتبار سے ڈیجیٹل حوالے سے مربوط ہو گا۔ اس میں دس ہزار افراد رہ پائیں گے۔ کینیڈا کے وزیراعظم بھی اس جگہ کا دورہ کر چکے ہیں۔