مستقبل کے دیرپا، پائیدار اور ماحول دوست گھر
برطانوی دارالحکومت لندن میں 8 تا 10 مارچ منعقدہ ’ایکو بِلڈ کانفرنس 2016ء‘ میں مستقبل کے دیرپا، پائیدار اور ماحول دوست رہائشی مکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ چیدہ چیدہ رہائشی مکانات کا تعارف، ڈی ڈبلیو کی اس پکچر گیلری میں۔
پورے شہر کی از سر نو تعمیر
’ایکو بِلڈ کانفرنس 2016ء‘ میں مقابلہ سویڈن کی ایک کمپنی ’وائٹ آرکیٹیکٹر‘ نے جیتا، اپنے اُس منصوبے کے ساتھ، جس میں ’آرکٹک سرکل‘ میں ’کیرونا‘ نامی ایک پورے شہر کو نئی جگہ پر لے جا کر بسایا گیا۔ اس شہر کا انحصار لوہے کی ایک کان پر تھا، جس کی وجہ سے شہر کے نیچے کی زمین اپنی جگہ سے کھسک گئی تھی۔ نئے شہر کا خاکہ بھی نیا ہے اور اس میں توانائی کی بچت کا بھی اہتمام ہے۔
ایک نئے شہر کا تصور
’کیرونا‘ نامی نیا شہر بھی سویڈن کا سب سے زیادہ شمال میں واقع شہر ہے۔ اس میں اُن عمارات سے لیا گیا تعمیراتی سامان دوبارہ استعمال کیا گیا ہے، جنہیں بعد ازاں منہدم کر دیا جائے گا۔ اس تعمیراتی منصوبے میں یہ خاکہ بھی شامل ہے کہ کیسے اگلے ایک سو سال تک یہ شہر لوہے کی کان کنی پر انحصار ختم کر کے دیگر مختلف شعبوں سے اپنی معیشت کو چلا سکتا ہے۔
کاربن سے پاک صاف
’وائٹ آرکیٹیکٹر‘ کے ایک ڈیزائنر کے مطابق نئے ’کیرونا‘ کو کاربن سے پاک رکھنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس میں وسائل کو کفایت شعاری کے ساتھ استعمال کیا جائے گا۔ توانائی کے لیے کان کنی سے خارج ہونے والی بے پناہ حرارت سے استفادہ کیا جائے گا۔ ساتھ ساتھ ہوا سے چلنے والی چکیوں سے قابل تجدید توانائی پیدا کی جائے گی۔
ماحول کے ساتھ توازن
برطانیہ میں کورن وال کے جنوب مشرقی حصے میں ’ملن ڈریتھ‘ نام کی ایک وادی ہے۔ ’ایکو بِلڈ کانفرنس 2016ء‘ میں شریک کمپنی ’فلینیگن لارنس آرکیٹیکٹس‘ نے رہائشی مکانات کے سلسلے میں ایک نئی تکنیک کا تجربہ کیا، جس میں گھروں کو جزوی طور پر ڈھانپ دیا جاتا ہے اور کئی گھر باہر کو نکلے ہوتے ہیں۔ جزوی طور پر زیر زمین ہونے کی وجہ سے اندر کے درجہٴ حرارت کو بھی قدرتی طور پر کنٹرول میں رکھا جا سکتا ہے۔
ری سائیکل شُدہ تعمیراتی ساز و سامان
سویڈن کی کمپنی ’وائٹ آرکیٹیکٹر‘کے ایک اور منصوبے کو Humlehaven پراجیکٹ کا نام دیا گیا ہے۔ اس منصوبے نے کوپن ہیگن سٹی میں ہونے والا ایک تعمیراتی مقابلہ جیتا ہے۔ اس میں ری سائیکل شُدہ اینٹیں استعمال کرتے ہوئے ساٹھ نئے رہائشی اپارٹمنٹ بنائے گئے ہیں اور ساتھ ساتھ کاروباری مراکز بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔
جنگلی حیات بھی ساتھ ساتھ
برطانیہ میں واقع یہ ماحول دوست مکان مول آرکیٹیکٹس کا ڈیزائن کیا ہوا ہے۔ اس میں پرندوں کے رہنے کے لیے ’گھونسلے‘ بنائے گئے ہیں۔ اس کی سرسبز چھت قسم قسم کے حشرات اور جنگی حیات کو رہائش کے مواقع فراہم کرتی ہے۔ یہاں سولر پینلز لگے ہوئے ہیں، جن کی وجہ سے اس پوری عمارت کے لیے زیادہ تر توانائی قابل تجدید ذرائع سے حاصل کی جاتی ہے۔
توانائی کی بچت بھی اور سکون بھی
مول آرکیٹیکٹس اور ایک اور ادارے کے تعاون سے انگلینڈ کے شہر کیمبرج میں چالیس رہائشی یونٹوں پر مشتمل ایک کمپلیکس تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس میں ایک بڑا آؤٹ ڈور علاقہ رکھا گیا ہے، جہاں خوراک بھی اُگائی جا سکے گی اور جہاں کھیل کُود اور تفریح کے بھی مواقع میسر ہوں گے۔