مشرقی انٹارکٹیکا میں برف کا پگھلاؤ، ایک لمحہ فکریہ
26 نومبر 2009زمین کے براعظم منجمد جنوبی انٹارکٹیکا کے مشرقی حصے میں تیزی سے برف پگھلنے کے حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹوں نے سائنسدانوں اور محقیقن کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔ سائنسی جریدے جنرل نیچر جیو سائنس میں چھپنے والی ایک تحقیقی رپورٹ میں پیش کردہ اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ تین برسوں میں اس براعظم کے سب سے کم تبدیلوں کے حامل مشرقی حصے میں موجود برف کے گلیشیرز تیزی سے پگھلنے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ فی الحال یہ نہیں کہا جا سکتا کہ اس عمل کی وجہ گلوبل وارمنگ ہے یا کچھ اور۔
امریکی ٹیم گریویٹی میژرنگ سیٹیلائٹ مشن گریس کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق انٹارکٹیکا کے مغربی حصے میں ایسی تبدیلیاں پہلے سے ریکارڈ کی جا رہی ہیں تاہم مشرقی حصہ قدرے محفوظ سمجھا جا رہا تھا۔
اس رپورٹ سے قبل ناسا گریویٹی ریکوری اور ماحولیاتی تجربات مشن نے اپنی رپورٹ میں گرین لینڈ اور انٹارکٹیکا کے مغربی حصے پر برف کے پگھلنے کے عمل کی نشاندہی کی تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان دونوں جگہ پر موجود برف اس قدر ہے کہ اس نے سمندر کی سطح میں چھ سے سات میٹر یا بیس فٹ تک اضافے کو روک رکھا ہے۔ اگر ان دونوں علاقوں پر موجود برف مکمل طور پر پگھل جاتی ہے تو سمندری سطح میں اضافے سے دنیا کے کئی ممالک مکمل طور پر زیرآب چلے جائیں گے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ انٹارکٹیکا کے مشرقی حصے پر برف پگھلنے کا مطلب سطح سمندر میں ممکنہ طور پر پچاس سے ساٹھ میٹر تک اضافہ ہے۔ تاہم دیگر ماہرین نے اس رپورٹ کے اعداد و شمار کو ناقابل یقین قرار دیا ہے۔ ان ماہرین کا کہنا ہے کہ فی الحال انٹارکٹیکا کا مشرقی حصہ بدستور سرد ہے۔
گریس میژرمنٹ نے اپنے اعداد و شمار میں بتایا ہے کہ سن 2002ء سے سن 2006ء تک اس علاقے میں برف پگھلنے کا عمل ریکارڈ نہیں کیا گیا تاہم گزشتہ تین برسوں میں مشرقی انٹارکٹیکا میں تقریبا ستاون بلین ٹن سالانہ کے حساب سے برف پگھلنے کا عمل دیکھا گیا ہے۔ گریس تحقیقاتی مشن کے یونیورسٹی آف ٹیکساس ان یوسٹن کے سینٹر فار سپیس ریسرچ سے وابستہ اس تحقیقاتی مشن کے سربراہ جیانلی چین کے مطابق: ’’ہمیں مشرقی انٹارکٹیکا میں جاری ان تبدیلیوں پر سخت تعجب ہے۔ انٹارکٹیکا کے مغربی حصے کے مقابلے میں بہرحال یہاں برف پگھلنے کی رفتار کم ہے تاہم پھر بھی یہ بہت خوفناک حقیقت ہے۔‘‘
مغربی انٹارکٹیکا میں ایک سو بتیس بلین ٹن سالانہ جبکہ گرین لینڈ کے علاقے میں دو سو تہتر بلین ٹن سالانہ کے حساب سے برف پگھل رہی ہے۔ انٹارکٹیکا میں برف کا پگھلنا ایک مشکل مسئلہ ہے کیونکہ اس علاقے میں برف پگھلنے اور دوبارہ بننے کا عمل مدتوں سے جاری ہے۔
شہرت یافتہ ماہر ارضیات رچرڈ ایلے کے مطابق براعظم انٹارکٹیکا میں برف پگھلنے کو گلوبل وارمنگ اور دیگر مصنوعی عوامل سے نہیں جوڑا جا سکتا کیونکہ اس خطے میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بہت نیچے ہے۔
’’یہاں برف پگھلنے کا تعلق آہستہ آہستہ برف کے نیچے جمع ہوجانے والے پانی سے ہوتا ہے۔ یہ پانی کسی چکنے مادے کا سا کام دیتا ہے اور یوں برف کے یہ بڑے بڑے گلیشیئرز پانی میں گرنا شروع ہو جاتے ہیں۔‘‘
ایلے کے مطابق تازہ رپورٹ میں سمندر کے قریب واقع علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے سو اس سے بھی یہ بات واضح ہوتی ہے کہ یہ گلوبل وارمنگ کا نہیں بلکہ ایکو سسٹم کا نتیجہ ہے۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : عاطف بلوچ