1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصر اور پاکستان افغان فورسز کو تربیت دینے کے لئے تیار

12 جنوری 2010

متحدہ عرب امارات میں منگل کو ہونے والی ایک روزہ بین الاقوامی افغانستان کانفرنس میں پاکستان ا ور مصر نے ایک بار پھر کابل حکومت کو کی گئی اپنی اس پیشکش کو دہرایا کہ وہ افغان سیکیورٹی دستوں کو تربیت دینے پر تیار ہیں۔

https://p.dw.com/p/LTib
مصر افغان فورسز کو تربیت دینے کے لئے تیارتصویر: AP

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان کو طالبان کے خلاف اپنی جنگ افغانستان ہی میں لڑنا چاہیے تاکہ اس کے منفی اثرات پاکستان پر نہ پڑیں۔ ابو ظہبی میں افغانستان کی صورت حال کے حوالے سے منعقدہ اس بین لاقوامی کانفرنس کے موقع پر شاہ محمود قریشی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کو جن چیلنجز کا سامنا ہے ان کو پاکستان میں حل نہیں کیا جاسکتا۔ تاہم انہوں نے واضح طور پر کہا کہ اسلام آباد ایک مضبوط اور مستحکم افغانستان میں دلچسپی رکھتا ہے۔

Pakistans Aussenminister Shah Mahmood Qureshi
پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشیتصویر: AP

متحدہ عرب امارات میں اس کانفرنس میں چالیس ممالک کے اعلیٰ نمائندوں نے شرکت کی۔ 28 جنوری کو افغانستان ہی کے بارے میں ایک سربراہی کانفرنس برطانوی دارالحکومت لندن میں منعقد ہوگی، جس میں افغان صدر حامد کرزئی بھی شرکت کریں گے۔ تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ اگر لندن کانفرنس کے تناظر میں دیکھا جائے تو منگل کے روز ابوظہبی میں ہونے والی یہ کانفرنس بھی افغانستان کے مستقبل کے حوا لے سےانتہائی اہم تھی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور عسکریت پسندی سمیت پاکستانی عوام اپنے ملک کو درپیش تمام چیلنجوں سے نمٹنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں اور وہ جوانمردی سے ان مسائل کا سامنا بھی کر رہے ہیں۔

Taliban in Afghanistan
افغان صوبے ہلمند کے ایک خفیہ مقام سے طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئےتصویر: dpa

گزشتہ کئی سالوں سے پاکستان کو بھی اپنے ہاں مقامی طالبان کی عسکریت پسندی کا سامنا ہے۔ یہ عسکریت پسند سن 2007 سے لے کر اب تک قریب تین ہزار پاکستانیوں کو ہلاک کر چکے ہیں۔ یہ پاکستانی شدت پسند افغانستان میں وہاں کے طالبان کے خلاف آٹھ سال سے جاری امریکہ اوراس کے اتحادیوں کی جنگ میں اسلام آباد حکومت کی طرف سے تعاون کے بھی شدید مخالف ہیں۔

ابوظہبی میں مختلف ملکوں کے پاکستان اور افغانستان کے لئے خصوصی مندوبین کی اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے افغان وزیرِخارجہ رنگین دادفر سپانتا نے کہا کہ افغانستان میں صرف امریکی افواج کی تعداد میں اضافے سے تمام ملکی مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ یہ فوجی اضافہ ایک جامع پالیسی کا حصہ ہونا چاہیے۔ سپانتا کے بقول اس جامع پالیسی میں افغانستان کی تعمیرِ نو کے لئے دیرپا حکمت عملی، افغانستان میں ریاستی اداروں کی مضبوطی اور اختیارات افغان عوام کے نمائندوں کو منتقل کرنے کی تیاریاں بھی شامل ہونی چاہیئں۔

اسی کانفرنس میں پاکستانی وزیر خارجہ قریشی اور مصری نائب وزیر خارجہ وفا بصیم نے اسلام آباد اور قاہرہ حکومتوں کی اس پیشکش کو بھی دہرایا کہ یہ دونوں ملک افغان سیکیورٹی دستوں کی تربیت میں کابل حکومت کی بھر پور مدد کرنے کی خواہش مند ہیں۔

رپورٹ: عبدالستار

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں