1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصری سیاست میں اسلام کا کردار بڑھنا چاہیے: سروے

3 فروری 2011

گزشتہ برس مسلمان ممالک میں کرائے گئے سروے کے مطابق مصری عوام ملکی سیاست میں اسلام کے کردار میں اضافے کے حق میں تو ہیں مگر وہ شدت پسندی کے خلاف ہیں۔ مزید یہ کہ مصریوں کے خیال میں بہترین سیاسی نظام جمہوریت ہی ہے۔

https://p.dw.com/p/109om
دوران احتجاج نمازتصویر: picture alliance/ZUMA Press

اس سروے کے نتائج امریکہ میں قائم PEW Research Center کی طرف سے گزشتہ برس دسمبر میں شائع کیے گئے۔ ان نتائج سے مصر میں صدر حسنی مبارک کے طویل اقتدار کے خلاف جاری مظاہروں اور احتجاج سے قبل مصری عوام کی سوچ کا اندازہ ہوتا ہے۔

عالمی رویوں کے بارے میں آگاہی کے پروجیکٹ کے لیے یہ سروے گزشتہ برس اپریل اور مئی میں کیا گیا۔ مسلم آبادی کے رویوں کے بارے میں جاننے کے لیے یہ سروے سات مسلمان ممالک میں کیا گیا، جن میں مصر، انڈونیشیا، اردن، لبنان، نائجیریا، پاکستان اور ترکی شامل ہیں۔ اس سروے میں لوگوں کی رائے انٹرویوز کے ذریعے حاصل کی گئی جس میں ایک ہزار افراد کے سیمپل گروپ سے سوالات پوچھے گئے۔ مصر میں کیے گئے سروے کے نتائج کچھ یوں ہیں،

سیاست میں اسلام کا کردار

- کیا یہ اچھی بات ہے کہ اسلام کو سیاست میں اسلام کا زیادہ وسیع کردار ہونا چاہیے؟

اس سوال کے جواب میں 95 فیصد نے اس کے حق میں رائے دی جبکہ دو فیصد نے اس کے خلاف۔

- سیاست پر اسلام کا اثر مثبت ہے یا منفی؟

85 فیصد کی رائے میں اسے مثبت جبکہ دو فیصد نے اسے منفی قرار دیا۔

- کیا مصر میں ایسے دو گروہوں کے درمیان کشمکش جاری ہے جن میں سے ایک اس ملک کو ماڈرن جبکہ دوسرا اسلامی بنیاد پرست بنانا چاہتا ہے؟

اس سوال کا جواب 31 فیصد نے ہاں میں دیا۔ ان میں سے 27 فیصد نے خود کو ماڈرن بنانے والوں کا حمایتی جبکہ 59 فیصد نے اسلامی بنیاد پرست بنانے والوں کا حامی بتایا۔

Egypt.jpg
59 فیصد مصریوں کے مطابق جمہوریت کسی بھی دیگر نظام حکومت پر فوقیت رکھتی ہےتصویر: AP

اسلامی شدت پسندی

- کیا خودکش حملے جائز ہیں؟

46 فیصد مصریوں نے انہیں کسی بھی صورت میں جائز قرار نہیں دیا، 34 فیصد نے خاص حالات میں، 12 فیصد نے کبھی کبھار جبکہ آٹھ فیصد نے اکثر اوقات جائز قرار دیا۔

- کیا آپ دنیا میں بڑھتی ہوئی مسلم شدت پسندی پر فکر مند ہیں؟

70 فیصد کی رائے میں یہ امر بہت زیادہ فکر کا حامل ہے۔

- کیا آپ مصر میں اسلامی شدت پسندی پر پریشان ہیں؟

61 فیصد مصریوں نے اس پر بہت زیادہ فکرمندی یا فکر مندی ظاہر کی۔

جمہوریت

- کیا جمہوریت کسی بھی دیگر نظام حکومت پر فوقیت رکھتی ہے؟

59 فیصد مصریوں نے اس کا جواب ہاں میں دیا۔

- کیا مخصوص حالات میں کسی غیرجمہوری نظام کو فوقیت ملنی چاہیے؟

اس کا جواب محض 22 فیصد نے ہاں میں دیا۔

- کیا آپ پر اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کے ملک میں کونسا نظام حکومت ہے؟

صرف 16 فیصد مصری شہریوں نے اس کا جواب ہاں میں دیا۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: کِشور مُصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید