معافی نہیں مانگوں گا، اعجاز بٹ
29 ستمبر 2010اعجاز بٹ اپنے دو روزہ دورہ انگیلنڈ کے دوران منگل کو لندن پہنچے، جہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ انگلش بورڈ یا ٹیم سے معافی نہیں مانگیں گے بلکہ یہ معاملہ آئندہ کچھ دنوں میں حل ہو جائے گا۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے دوران تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں پاکستان کی کامیابی کے بعد اعجاز بٹ نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ سٹے بازوں کے حلقوں میں یہ بات عام ہے کہ انگلش کھلاڑیوں نے رقوم کے بدلے میں یہ میچ دانستہ طور پر ہارا تھا۔
اعجاز بٹ کے اس بیان پر انگلش اورویلز کرکٹ بورڈ کے علاوہ انگلش کرکٹ ٹیم نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اعجاز بٹ سے معافی کا مطالبہ کیا تھا۔ انگلش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اگر اعجاز بٹ اپنے متنازعہ بیان پر معافی نہیں مانگتے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اعجازبٹ اپنے دورہ انگلینڈ کے دوران وکلاء کی اس ٹیم سے ملیں گے، جو سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ملوث ہونے والے پاکستانی کھلاڑیوں کےدفاع کا کام کر رہی ہے۔ اس کےعلاوہ اعجازبٹ اوران کے ہمراہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے قانونی مشیر تفضل رضوی متوقع طورپر سکاٹ لینڈ یارڈ کے حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔
72 سالہ اعجاز بٹ اکتوبرسن 2008ء میں پاکستانی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین منتخب ہوئے تھے تاہم اپنی تقرری کے بعد سے کئی متنازعہ بیانات دینے پر اعجاز بٹ اور بین الاقوامی کرکٹ کونسل ICC کے مابین تعلقات کوئی اچھے نہیں ہیں۔ اس بات کی توقع کی جا رہی ہے کہ اعجاز بٹ کے متنازعہ بیانات پر ICC کی آئندہ میٹنگ کے دوران سیرحاصل بحث کی جائے گی۔ یہ میٹنگ بارہ اور تیرہ اکتوبر کو دبئی میں ہونا طے ہے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: ندیم گِل