مغربی موسیقی کا ’مسیحا‘، ہینڈل
13 اپریل 2009جرمنی جہاں اپنے فلسفیوں اور ادیبوں کے حوالے سے دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے وہاں اس کی ایک اور پہچان اس کے وہ موسیقار بھی ہیں جن کا زکر کیے بغیر فنِ موسیقی کی تاریخ لکھنا ناممکن ہے۔
ان عظیم جرمن موسیقاروں میں سے چند کے نام برّ صغیر پاک وہند میں ذبان زدِ عام ہیں جیسا کہ بیتھوفن اور موٹسارٹ۔ لیکن ایک ایسا نام جس کی گونج مغربی دنیا میں ملکوں ملکوں، شہروں شہروں ہے، اور جس کا اثر بیتھوفن اور موٹسارٹ پر بھی نمایاں ہے، وہ ہے گیورگ فریڈرش ہینڈل کا نام۔ چودہ اپریل کو ہینڈل کی دو سو پچاسویں برسی منائی جا رہی ہے۔
ہینڈل تئیس فروری سولہ سو پچاسی میں جرمنی میں پیدا ہوئے تاہم ان کا شمار برطانوی باروک کمپوزر کے طور پر لیا جاتا ہے جن کی وجہِ شہرت بنیادی طور پر اطالوی اوپیرا موسیقی ہے۔ ہینڈل نے موسیقی کی تربیت اٹلی میں حاصل کی اور اس کے بعد زندگی کا بڑا حصّہ انگلستان میں گزارا۔
ہینڈل نے ہالے یونیورسٹی میں قانون پڑھنا شروع کیا تاہم جلد ہی اس کو ترک کرکے وہ موسیقی کی تعلیم کی طرف راغب ہوگئے۔ سترہ سو چار میں وہ جرمنی کے شمالی شہر ہمبرگ چلے گئے جہاں ایک اوپیرا ہاؤس میں انہوں نے وائلن نواز کی حیثیت سے کام کیا۔ بعد ازاں ہینڈل اٹلی پہنچے جہاں انہوں نے موسیقی کی تربیت حاصل کی۔ سترہ سو دس میں ہینڈل نے انگلستان کے بادشاہ جارج دا فرسٹ، جو اس وقت ہنوفر کے الیکٹر تھے، کے کہنے پر برطانیو کا رخ کیا اور زندگی کا بڑا حصّہ وہیں بسر کیا۔ سترہ سو سترہ میں ہینڈل کی مشہورِ زمانہ ’واٹر میوزک‘ کو دریائے تھیمس پر ایک واٹر پارٹی میں بجایا گیا۔ ایک اور عظیم موسیقار باخ بھی ہینڈل کے ہم عصروں میں تھے۔
ہینڈل کی سب سے مشہور کمپوزیشن ’مسیحا‘ ہے جس کو پہلی مرتبہ ڈبلن میں سترہ سو بیالیس میں بجایا گیا۔ اس سے قبل سترہ سو سینتیس میں باون برس کی عمر میں دل کے دورے کے بعد ہینڈل کا بائیاں بازو مفلوج ہوگیا تھا۔ اس دوران ان کو بینائی سے متعلق پریشانیاں بھی لاحق رہیں جس کی وجہ سے ان کی پرفارمنس خاصی محدود ہوگئی تاہم انہوں نے کمپوزیشنس پر اس دوران زیادہ توجّہ مرکوز رکھی۔
ہینڈل کا اثر ان کے بعد آنے والے کمپوزرس او رموسیقاروں پر بھی رہا۔ اپنے انتقال کے بعد ہینڈل کا اطالوی اوپیرا کا کام خاصی حد تک پوشیدہ ہوگیا تاہم انیس سو ساٹھ کی دہائی میں بیروک موسیقی میں دوبارہ دلچسپی کے بعد ہینڈل کا ظہورِ ثانی ہوا اور ان کی کمپوزیشنس کو آج بڑے جوش کے ساتھ یورپی اور مغربی ممالک میں پرفارم کیا جاتا ہے۔