ملائیشیائی وزیراعظم کے سوتیلے بیٹے پر بھی کرپشن الزام عائد
5 جولائی 2019سابق وزیراعظم نجیب رزاق کے سوتیلے بیٹے رضا عزیز پر الزام ہے انہوں نے ملکی سرمایہ کاری بینک 1MDB سے ڈھائی سو ملین امریکی ڈالر کے قریب رقم وصول کر کے اِسے اپنی فلم پروڈکشن کمپنی کے اکاؤنٹ میں منتقل کیا تھا۔ عدالتی کٹہرے میں موجود رضا عزیز نے اس مالی خرد برد کے الزام کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ رضا عزیز، رزاق فیملی کے تیسرے فرد ہیں جنہیں کرپشن الزام کا سامنا ہے۔
عدالت میں بتایا گیا کہ رضا عزیز نے یہ خطیر رقم 1MDB بینک سے حاصل کر کے ریڈ گرینائٹ پکچرز کے اکاؤنٹ میں منتقل کیے تھے۔ اسی فلم پروڈکشن کمپنی کے اکاؤنٹ میں یہ رقم سن 2011 اور سن 2012 میں منتقل کی گئی تھی۔ عدالت میں رضا عزیز نے انتہائی خاموشی کے ساتھ الزامات کو سنا اور انہیں تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔
رضا عزیز کی ریڈ گرینائٹ فلم پروڈکشن کمپنی نے' دی وولف آف وال اسٹریٹ‘ نامی فلم بنائی تھی۔ یہ فلم پانچ آسکر ایوارڈز کی نامزدگیاں حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔
اس میں سال کی بہترین فلم کی نامزدگی بھی شامل تھی۔ اس کے ہدایت کار مارٹن سکورسیسی تھے اور مرکزی کردا لیونارڈو ڈی کیپریو نے ادا کیا تھا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ 1MDB سے تقریباً ڈھائی سو ملین ڈالر سوئٹزرلینڈ کے ایک بینک میں فلم پروڈکشن کمپنی کے دو مختلف اکاؤنٹس میں منتقل کیے تھے۔ امریکی تفتیش کاروں نے بھی تصدیق کی ہے کہ دونوں اکاؤنٹ ریڈ گرینائٹ پکچرز لمیٹڈ کے تھے۔ سوئٹزرلینڈ کے جس بینک میں رقم منتقل کی گئی تھی، اُس کی سنگاپور اور امریکا کی شاخوں میں یہ منتقلی ہوئی تھی۔
بیالیس سالہ رضا عزیز کو کرپشن کے پانچ الزامات کا سامنا ہے۔ الزامات ثابت ہونے کی صورت میں انہیں کم از کم پانچ برس تک سزا یا بھاری جرمانے کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ اس وقت وہ ضمانت پر رہا ہیں۔
ع ح، ع ا، نیوز ایجنسیاں