ملکہ برطانیہ کی چہیتی نواسی کی معروف رگبی کھلاڑی سے منگنی
21 دسمبر 2010زارا اور ٹینڈل کی شادی کی حتمی تاریخ مقرر نہیں ہوئی ہے تاہم شاہی اعلامیہ کے مطابق شادی کی تقریب2011 ء میں متوقع ہے۔ اس سے ایک ماہ قبل ایک اور شاہی جوڑے ، شہزادہ ولیم اور ان کی دوست اور منگیتر کیٹ مڈلٹن نے بھی شادی کا اعلان کیا تھا، جس کے مطابق شادی کی تقریب 29 اپریل 2011 میں انجام پائے گی۔
گھڑ سواری کی شوقین اور گلیمرس شخصیت کی مالک زارا فلپس ملکہ برطانیہ کی اکلوتی بیٹی شہزادی این اور ان کے پہلے شوہر کیپٹن مارک فلپس کی بڑی بیٹی اور 84 سالہ برطانوی ملکہ، الزیبتھ دوئم کی پسندیدہ ترین نواسی مانی جاتی ہیں۔ زارا اور ٹینڈل کی منگنی گزشتہ روز گلوسٹرشائر میں ان کے گھر میں انجام پائی تھی۔ منگنی کی خبر پر ملکہ برطانیہ اور ان کے شوہر شہزادہ فلپس نے نہایت خوشی کا اظہار کیا ہے۔
29 سالہ زارا فلپس اور ان کے منگیتر 32 سالہ مائیک ٹینڈل کی پہلی ملاقات 2003ء کے دوران آسٹریلیا میں ہوئی تھی، جہاں برطانیہ کی رگبی ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کے بعد دورہ کر رہی تھی۔ مائک ٹینڈل سال2010 اور 2011 کےلئے اپنے رگبی کلب کے کیپٹن بھی ہیں۔ اس کے علاوہ ٹینڈل نےجرمنی میں 2006 میں منعقد کئے گئے گھڑ سواری کے عالمی مقابلے World Equestrian Games میں سونے کا تمغہ بھی حاصل کیا تھا۔
رپورٹ: عنبرین فاطمہ
ادارت: امتیاز احمد