1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سالگرہ کی تقریب، موت کا پیغام ثابت ہوئی

افسر اعوان خبر رساں ادارے
29 دسمبر 2017

بھارتی شہر ممبئی کے ایک ریستوران میں آگ لگنے کے سبب کم از کم 15 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ بھارتی حکام کےمطابق ایک متمول علاقے میں واقع مذکورہ ریستوران میں آج جمعے کو علی الصبح ایک بجے آگ لگی۔

https://p.dw.com/p/2q5MW
Indien Großfeuer in Mumbai
تصویر: Reuters/Poonam Burde

بھارت کے اقتصادی اور ثقافتی حب کہلانے والے شہر ممبئی میں  آتش زدگی کا یہ واقعہ ایک معروف ریستوران کی عمارت میں پیش آیا۔ آگ بجھانے والے محکمے کے ایک اہلکار بال کرشنا کدم کے مطابق چار منزلہ میں جمعرات 28 دسمبر اور جمعہ کی درمیانی شب ایک بجے کے قریب لگنے والی یہ آگ تیزی سے ریستوران کی چار منزلہ عمارت میں پھیل گئی۔

ایک مقامی نیوز ٹیلی وژن ٹائمز ناؤ کے مطابق ریستوران میں بانسوں کی مدد سے بنائی گئی مصنوعی چھت نے جلد ہی آگ پکڑ لی اور وہاں موجود لوگوں پر گر گئی۔ زیادہ تر ہلاکتیں دھواں بھر جانے کے بعد دم گھٹنے کے سبب ہوئیں۔

مقامی کے ای ایم ہسپتال کے ایک ڈاکٹر اویناش سوپے کے مطابق 50 سے زائد افراد کو ابتدائی طبی امداد کے لیے ہسپتال لایا گیا جن میں سے ایک درجن کے قریب افراد کا علاج معالجہ کیا جا رہا ہے تاہم ان کی جان خطرے سے باہر ہے۔

Indien Mumbai Feuer in Restaurant
آگ بجھانے والے محکمے کےمطابق چار منزلہ میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب لگنے والی آگ تیزی سے ریستوران کی چار منزلہ عمارت میں پھیل گئی۔تصویر: Reuters/D. Siddiqui

ممبئی کی ایک گائناکالوجسٹ سُلبھا اروڑا نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں لکھا، ’’وہاں بھگدڑ مچ گئی اور کسی نے مجھ دھکا دے دیا۔ لوگ میرے اوپر سے دوڑ رہے تھے جبکہ شعلوں سے گھری چھت بیٹھ رہی تھی۔ مجھے نہیں معلوم کہ میں کیسے بچ گئی۔‘‘ اروڑا کے مطابق جب تک لوگوں کو اس بات کی خبر ہوتی کہ آگ لگ چکی ہے، چند سیکنڈز ہی میں یہ آگ ہر طرف پھیل چکی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جس عمارت میں آگ لگی وہ ممبئی شہر کے وسطی حصے میں ایک سابقہ صنعتی علاقے میں موجود ہے۔ اس علاقے میں کئی ایک متمول اور معروف ریستوران موجود ہیں جو گزشتہ کئی برسوں کے دوران نائٹ لائف کے حوالے سے شہرت اختیار کر چکے ہیں۔

Indien Großfeuer in Mumbai
’’ریستوران میں کوئی سکیورٹی انتظامات نہیں تھے اور نہ ہی وہاں آگ بجھانے والے آلات موجود تھے‘‘تصویر: Reuters/D. Siddiqui

بھارتی پولیس کے مطابق ہلاک شدگان میں زیادہ تر وہ نوجوان لڑکیاں تھیں، جو اس ریستوران میں سال گرہ کی ایک تقریب میں شریک تھیں۔ بابو لال نامی شخص نے ٹائمز ناؤ ٹیلی وژن کو بتایا کہ اس کی پوتی کی سالگرہ کی تقریب کے دوران یہ آگ لگی۔ بابو لال کے مطابق ریستوران میں کوئی سکیورٹی انتظامات نہیں تھے اور نہ ہی وہاں آگ بجھانے والے آلات موجود تھے۔ ان کی پوتی بھی اس آگ میں ماری گئی۔

پولیس نے ریستوران کے مالک اور منیجر کے خلاف مقدمے درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں مرنے والوں کے لواحقین اور زخمی ہونے والوں کے ساتھ اظہار ہمدری کیا ہے۔