1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

منموہن سنگھ: بدعنوانی کے خلاف قوانین، حزب اختلاف تعاون کرے

1 اگست 2011

بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ نے حزب اختلاف سے اپیل کی ہے کہ پیر کو پارلیمان کے نئے اجلاس کے آغاز کے موقع پر بدعنوانی اور زمینوں کے حصول سے متعلق ضروری قانون کو منظور کرانے میں مدد دے۔

https://p.dw.com/p/127Tj
تصویر: AP

مون سون کے دوران آج شروع ہونے والے پارلیمان کے انتالیس روزہ اجلاس میں 32 نئے قوانین پر بحث یا منظوری متوقع ہے۔ ان میں ’لوک پل‘ بل بھی شامل ہے، جس کی منظوری کے بعد قومی محتسب کو بدعنوان سیاست دانوں اور حکام کو سزا دینے کے اختیارات مل جائیں گے۔

وزیر اعظم منموہن سنگھ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، ’’میری حزب اختلاف سے اپیل ہے کہ ہمیں اس موقع پر اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی قوم کو درپیش اہم مسائل کا مشترکہ حل نکالنا چاہیے۔‘‘

Indien Parlament Sitzung Neu-Delhi
بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ نے پارلیمان کے نئے اجلاس کے آغاز پر حزب اختلاف سے تعاون کی اپیل کی ہے۔تصویر: AP

توقع ہے کہ وزیر اعظم کی اسکینڈل زدہ حکومت زمینوں کی خریداری سے متعلق ایک نیا بل بھی پیش کرے گی، جس میں کاشت کاروں کو اپنی املاک کے عوض زیادہ نقد رقم کی پیشکش کی جائے گی تاکہ صنعتی منصوبوں کی راہ ہموار ہو سکے۔

حکومت غذائی تحفظ کا ایک نیا بل بھی متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے، جس کے تحت غریب افراد کو اناج کی خریداری کے لیے زر اعانت فراہم کی جائے گی۔

Ehemaliger Telekommunikationsminister Indiens Andimuthu Raja
حزب اختلاف کی جماعتوں کا الزام ہے کہ سن 2008 میں حکمران جماعت کے وزیر نے موبائل فون کے لائسنس انتہائی کم قیمت پر اپنے من پسند افراد کو دے دیے تھے۔تصویر: picture-alliance/dpa

جنگلی حیات کے تحفظ، سڑکوں پر تحفظ کو بڑھانے اور قومی کھیلوں کے فروغ سے متعلق قوانین بھی مجوزہ قانون سازی میں شامل ہیں، جنہیں موجودہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

وزیر اعظم کی اپیل کے باوجود حزب اختلاف کی مرکزی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے حکومت پر بدعنوانی کے حالیہ اسکینڈلوں کے حوالے سے تنقید متوقع ہے۔

دسمبر 2010 میں بی جے پی نے تمام جماعتوں کی نمائندگی پر مبنی ٹیلی کام اسکینڈل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا، جس کے باعث ہر روز اجلاس ملتوی ہوتا رہا۔ حزب اختلاف کی جماعتوں کا الزام ہے کہ سن 2008 میں حکمران جماعت کے وزیر نے موبائل فون کے لائسنس انتہائی کم قیمت پر اپنے من پسند افراد کو دے دیے تھے۔

وزیر اعظم منموہن سنگھ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ عدالتوں میں زیر سماعت بدعنوانی کے مقدمات کو ایوان زیریں یا لوک سبھا میں زیر بحث نہ لایا جائے۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں