1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موبائل فون کی حیرت انگیز سروس ' ترمیم شدہ حقیقیت'

19 اگست 2010

ٹرمینٹر سیریز کی فلموں میں آپ نے دیکھا ہوگا کہ فلم کا مرکزی کردار جب بھی کسی فرد یا چیز کی طرف دیکھتا ہے، اس کی نگاہوں کے سامنے اس خاص چیز کے بارے میں تمام تر تفصیلات لکھی آجاتی ہیں۔

https://p.dw.com/p/Or43
تصویر: AP

گوکہ اسی طرح کی سہولت امریکی فائٹر جیٹ پائلٹس بھی استعمال کرتے ہیں مگر اب جاپانی موبائل فون کمپنیوں نے یہ فیچرسمارٹ فونز میں فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس کے ذریعے آپ اپنے ارد گرد موجود چیزوں اور جگہوں کے بارے میں تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔ اس سہولت کو 'Augmented Reality' یا اضافہ شدہ حقیقت کا نام دیا گیا ہے۔

فرض کریں کہ آپ نے ایک انتہائی جدید عینک لگا رکھی ہے اور جیسے ہی آپ اپنے ارد گرد موجود چیز کے بارے میں تفصیلات حاصل کرنا چاہتے ہیں، آپ کی نظروں کے سامنے بالکل ٹرمینیٹر کی طرح اس خاص چیز کے بارے میں مطلوبہ معلومات لکھی نظر آنے لگتی ہیں، کہ آپ کون سی عمارت کو دیکھ رہے ہیں؟ اس کی کتنی منزلیں ہیں اور اس میں کون کون سے دفاتر قائم ہیں وغیرہ وغیرہ۔ بالکل اسی طرح کی سروس جاپان کی دو بڑی موبائل فون کمپنیوں نے اپنے لاکھوں صارفین کو فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ لیکن عینک کی جگہ سمارٹ فون کی سکرین اور کیمرہ استعمال ہوگا جبکہ معلومات پر مبنی ایک وسیع آن لائن ڈیٹابیس اس مقصد کے لئے استعمال کی جارہی ہوگی۔ اس کا مقصد دراصل عام انسان کو آسانیاں فراہم کرنے کے لئے انٹرنیٹ کی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہے۔

Terminator Die Erlösung Kino Start
ٹرمینیٹر فلم میں یہ روبورٹس کو ایسی ہی ٹیکنالوجی سے چیزوں کا مشاہدہ کرتے دکھایا گیا تھاتصویر: picture-alliance/ dpa

جاپان میں موبائل فون سروس فراہم کرنے والی سب سے بڑی کمپنی NTT DoCoMo اگلے ماہ یعنی ستمبر میں "Chkkan Nabi" یعنی "وجدانی معلومات" کے نام سے نئی سروس متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس کے ذریعے موبائل فون صارفین ٹوکیو، اوساکا اور دیگربڑے جاپانی شہروں میں نہ صرف اپنا مطلوبہ راستہ باآسانی تلاش کرسکیں گے بلکہ دیگر اضافی معلومات بھی حاصل کرسکیں گے۔

این ٹی ٹی ڈوکومو کے ایک اہلکار نے اس سروس کے حوالے سے بتایا: " اگر آپ کسی بینک کی تلاش میں ہیں یا پھر آپ سپر مارکیٹ یا ریسٹورنٹ تک پہنچنا چاہتے ہیں، تو آپ صرف اپنے موبائل فون کیمرے کے ذریعے کسی سڑک، عمارت یا اپنے ارد گرد کسی خاص حصے کو فوکس کیجیئے اور آپ کے موبائل کی سکرین پر آپ کی مطلوبہ معلومات آجائے گی۔ فرض کریں آپ نے کسی خاص ریسٹورینٹ تک پہنچنا ہے، تو آپ کے موبائل سکرین پر اس کا فاصلہ، سمت، کھلنے کے اوقات وغیرہ نمودار ہوجائیں گے۔ اور تو اور اس ریسٹورینٹ میں اس خاص وقت میں کھانے پینے کے لئے کیا کچھ دستیاب ہے، یہ تمام تفصیلات بھی آپ جان سکتے ہیں۔ مزید یہ کہ اس ریسٹورینٹ تک پہنچنے کے لئے نقشہ بھی آپ دیکھ سکتے ہیں۔"

UMTS Handy mit Fußballspiel
موبائل فون انسانی زندگی کا ایک بنیادی حصہ بنتے جا رہے ہیںتصویر: AP

اس سروس کے لئے اب تک جاپان بھر میں چھ لاکھ مختلف مقامات کی تفصیلات جمع کی جاچکی ہیں، جن میں دکانیں، ریسٹورینٹس، ٹرین اسٹیشنز وغیرہ شامل ہیں۔ موبائل صارف اپنی ضرورت کے مطابق ان تمام مقامات کے بارے میں تفصیلات معلوم کرسکتے ہیں۔

جاپان میں کمپیوٹر نقشے تیار کرنے والی ایک کمپنی Zerin کے ساتھ مل کر تیار کی جانے والی اس ٹیکنالوجی میں گلوبل پوزیشنگ سسٹم کے علاوہ نہایت جدید کمپیوٹر سوفٹ ویئر کا استعمال کیا گیا ہے، جس کی مدد سے ارد گرد اصل چیزوں پر ان سے متعلق معلومات پر مبنی ورچوئل ٹیگز نمودار ہوجاتے ہیں۔

دنیا بھر میں بہت سے موبائل فون کمپنیاں اسی طرح کی ملتی جلتی سروسز فراہم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ مثال کے طور پر معروف کمپنی نوکیا ایک مفت سروس فراہم کرنے والی ہے، جس کا نام "پوائنٹ اینڈ فائنڈ" رکھا گیا ہے۔ اس میں بھی آپ اپنے موبائل فون کا کیمرہ کسی خاص چیز کی طرف کرکے اس کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ اس سروس میں آپ مختلف مصنوعات پر درج بار کوڈز کو بھی سکین کرسکتے ہیں۔ جس کے بعد آپ نہ صرف ان کی قیمت، اس کے اجزاء بلکہ اس چیز کے بارے میں لوگوں کی رائے جاننے کے ساتھ ساتھ اسے اپنی شاپنگ لسٹ میں شامل کرسکتے ہیں۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں