موسیقی کی دنیا کے دس ایسے ستارے، جنہیں پردیس منتقل ہونا پڑا
بیس جون کو دنیا بھر میں عالمی ریفیوجی ڈے منایا گیا۔ اس دن کے حوالے سے ایسے دس اہم فنکاروں کو یاد کرتے ہیں جنہیں ایسے ملکوں میں شہرت حاصل ہوئی، جو اُن کے اپنے آبائی وطن نہیں تھے۔
فریڈی مرکری
کوئین میوزیکل بینڈ کے مرکزی گلوکار فریڈی مرکری ایک جداگانہ آواز کے حامل تھے۔ وہ سابقہ سلطنت زنجیبار سے تعلق رکھتے تھے۔ زنجیبار کا علاقہ اب تنزانیہ کا حصہ ہے۔ مرکری نے اپنا بچپن بھارت میں گزارا وہ اپنے خاندان کے ساتھ سن 1963 میں برطانیہ فرار ہو گئے تھے۔۔ اُس وقت زنجیبارمیں عوامی تحریک چل رہی تھی۔
گلوریا ایسٹیفان
کیوبا میں پیدا ہونے والے گلوکارہ کو انقلاب کے بعد ہجرت کرنا پڑی۔ تین گریمی ایوارڈز جیتنے والی گلوکارہ کا مشہور گیت ’کونگا‘ بہت زیادہ پسند کیا گیا۔ وہ ہجرت کرنے کے بعد امریکا میں مقیم ہو گئی تھیں۔
بوب مارلے
ریگے موسیقی کے لیجنڈری گلوکار بوب مارلے کسی نامعلوم مسلح حملہ آور کی گولی سے زخمی ہونے کے بعد سن 1976 میں ہجرت کر گئے تھے۔ یہ دور جمائیکا میں افراتفری کا تھا۔ وہ جمائیکا سے ہجرت کر کے امریکا آئے اور میامی میں مقیم ہو گئے تھے۔
آرنلڈ شونن برگ
آسٹریا کے یہودی کمپوزرآرنلڈ شونن برگ سن 1934 میں نازی جرمنی کے ابھرنے پر امریکا فرار ہو گئے تھے۔ انہیں بیسویں صدی کا ایک انتہائی اہم اور صاحب طرز موسیقار تصور کیا جاتا ہے۔
ایم آئی اے
برطانوی خاتون ریپر گلوکارہ ماتھانگی (مایا) ارول پراگسم کو شائقین عام طور پر ایم آئی اے کے نام سے پہچانتے ہیں۔ اُن کا خاندان سری لنکا سے تعلق رکھتا ہے۔ اُن کے والد تامل تحریک میں سرگرم تھے۔ خطرناک حالات کی وجہ سے اُن والدہ اپنے بچوں کو لے کر برطانیہ پہنچ گئیں تھیں۔
میکا
لبنان میں پیدا ہونے والے گلورہ میکا کے والدین سن 1984 میں فرانسیسی دارالحکومت پیرس منتقل ہو گئے تھے۔ یہ لبنان میں خانہ جنگی کا دور تھا۔
کے نعان
صومالیہ سے تعلق رکھنے والے ہِپ ہوپ گلوکار ’کے نعان‘ سن1991 میں خانہ جنگی کے دور میں اپنے خاندان کے ہمراہ ہجرت کر گئے تھے۔ وہ اب کینییڈا میں مقیم ہیں اور سن 2010 میں کھیلے جانے والے فٹ بال ورلڈ کپ میں انہوں نے افتتاحی تقریب میں گیت بھی پیش کیا تھا۔
رجینا اسپیکٹور
ماسکو میں پیدا ہونے والی رجینا اسپیکٹور کا تعلق روسی یہودی خاندان سے تھا۔ نو برس کی عمر میں اُن کے خاندان کو امریکا میں پناہ دی گئی تھی۔ انہوں نے امریکا ہی میں اپنے موسیقی کے شوق کی تکمیل کی اور گلوکاری میں نام کمایا۔
وائی کلیف جین
گریمی ایوارڈ جیتنے والے اس فنکار کا تعلق ہیٹی سے ہے۔ اُن کے میوزیکل بینڈ کا نام فیوجیز ہے۔ سن 2010 میں وائی کلیف جین نے اپنے ملک میں صدارتی الیکشن میں بھی حصہ لینے کی بھی کوشش کی لیکن بعض وجوہات کی بنیاد پر انہیں الیکشن میں شرکت سے نا اہل قرار دے دیا گیا۔ ان کے خاندان نے سن 1979 میں ہجرت کی تھی۔
ریٹا اورا
برطانوی گلوکارہ ریٹا اورا کی پیدائش پریسٹینا میں ہوئی تھی۔ پریسٹینا آج کل کوسووو کا دارالحکومت ہے۔ وہ البانوی نژاد ہیں اور اُن کا خاندان سن 1991 میں لندن منتقل ہو گیا تھا۔