مولانا حق نواز جھنگوی کے بیٹے رکن پنجاب اسمبلی منتخب
2 دسمبر 2016پاکستانی صوبہ پنجاب کی اسمبلی کے نو منتخب رکن مولانا مسرور جھنگوی، پاکستانی حکومت کی جانب سے کالعدم قرار دی گئی جماعت سپاہِ صحابہ کے بانی مولانا حق نواز جھنگوی کے بیٹے ہیں۔ مسرور جھنگوی نے پنجاب کے شہر جھنگ سے حلقہ پی پی 78 کی نشست کے لیے آزاد امیدوار کی حیثیت سے ضمنی انتخاب میں حصہ لیا تھا۔
یہ نشست مسلم لیگ نون کی رکنِ صوبائی اسمبلی راشدہ یعقوب کے سپریم کورٹ سے نا اہل قرار دیے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ جھنگ میں پنجاب اسمبلی کی خالی نشست پر انتخاب کے یہ نتائج ابھی غیر سرکاری اور غیر حتمی ہیں۔
پاکستان کے مقامی میڈیا کے مطابق اِس سے قبل پاکستان کی اہلِ سنت والجماعت کے امیر مولانا احمد لدھیانوی نے مولانا مسرور جھنگوی کے حق میں انتخاب میں حصہ لینے سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔ پاکستان کے روزنامہ ڈان نے لکھا ہے کہ سپاہِ صحابہ کے بانی حق نواز جھنگوی کی وجہ سے بڑی تعداد میں اہلِ سنت والجماعت کے ووٹ اور ہمدردیاں اُن کے بیٹے مسرور جھنگوی کے ساتھ ہیں۔
اخبار کے مطابق پی پی 78 کا حلقہ جھنگ کے شہری علاقوں پر مشتمل ہے اور گزشتہ دو دہائیوں سے فرقہ وارانہ کشیدگی کا مرکز بنا ہوا ہے۔ علاوہ ازیں اس وقت حلقے میں سپاہِ صحابہ کی طرف جھکاؤ رکھنے والے اور اس کے مخالف دونوں ووٹ بینک موجود ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق پی پی 78 کی نشت پر غیر سرکاری نتائج کی رُو سے مولانا مسرور جھنگوی نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر بالترتیب مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کے امیدوار رہے۔