مہاجرین کا بحران: ہنگری کی کروشیا کے ساتھ سرحد بھی بند
16 اکتوبر 2015بوڈاپسٹ سے جمعہ سولہ اکتوبر کی شام ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق ہنگری نے کروشیا کے ساتھ اپنی اس سرحد کو، جہاں وہ حالیہ ہفتوں میں حفاظتی نقطہء نظر سے تیز دھار دھاتی باڑ بھی لگا چکا ہے، بند کرنے کا فیصلہ مجبوری میں لیکن بہت بڑی تعداد میں مہاجرین کی آمد کو روکنے کے لیے کیا۔
ہنگری کے وزیر خارجہ پیٹر سِیّارتو نے بوڈاپسٹ میں آج ہونے والے قومی سکیورٹی کابینہ کے ایک اجلاس کو بتایا کہ آج (جمعہ سولہ اکتوبر) کو نصف شب (عالمی وقت کے مطابق رات دس بجے) سے ہنگری اور کروشیا کے درمیان ’گرین بارڈر‘ کو بند کر دیا جائے گا۔
اس سے قبل ہنگری ایسا ہی اقدام کرتے ہوئے سربیا کے ساتھ بھی، جو یورپی یونین میں شامل نہیں ہے، اپنی سرحد کو بند کر چکا ہے۔ سربیا کے ساتھ ہنگری کی سرحد پندرہ ستمبر کو بند کی گئی تھی اور اس کے بعد مشرقی یورپ، خاص کر بلقان کے خطے کے راستے شمالی اور مغربی یورپ کے امیر ملکوں میں پہنچنے کے خواہش مند ہزار ہا مہاجرین اور تارکین وطن نے کروشیا سے ہوتے ہوئے ہنگری میں داخل ہونا شروع کر دیا تھا۔
اے ایف پی نے لکھا ہے کہ صرف اس سال کے دوران اب تک یونین کے رکن ملک ہنگری پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد تین لاکھ تراسی ہزار سے تجاوز کر چکی ہے اور یہ صورت حال ملکی حکومت کے لیے شدید نوعیت کے انتظامی بحران کا سبب بن چکی ہے۔ یہ تمام تارکین وطن وہ غیر ملکی تھے، جو ہنگری سے صرف گزرنا چاہتے تھے اور مزید مغرب کی طرف جرمنی اور دیگر ملکوں میں سیاسی پناہ کے خواہش مند تھے۔
ہنگری کے وزیر خارجہ سِیّارتو نے قومی سکیورٹی کابینہ کے اجلاس کے بعد بوڈاپسٹ میں صحافیوں کو بتایا، ’’گرین بارڈر کہلانے والی جو سرحد بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ وہی سرحد ہے، جسے مہاجرین اور تارکین وطن کی سب سے بڑی تعداد نے کروشیا سے ہنگری میں داخلے کے لیے استعمال کیا۔ اس سرحد کی بندش کے بعد دیگر باقاعدہ سرحدی گزر گاہیں معمول کے مطابق کام کرتی رہیں گی، لیکن وہاں سے گزرنے والوں کی سختی سے جانچ پڑتال کی جائے گی۔‘‘
اے ایف پی کے مطابق سِیّارتو نے مزید کہا، ’’بوڈاپست حکومت نے یہ سرحد بند کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا کہ یورپی یونین کی برسلز میں جمعرات سے لے کر جمعے کو علی الصبح تک جاری رہنے والی سربراہی کانفرنس میں اس بارے میں کوئی اتفاق رائے نہ ہو سکا کہ آیا یونان کی بیرونی سرحدوں کی حفاظت کے لیے، جو یورپی یونین کی بیرونی سرحدیں بھی ہیں، یورپی یونین کی کوئی مشترکہ فورس استعمال میں لائی جانی چاہیے۔‘‘
یورپی یونین کا رکن ملک ہنگری اس بلاک کے جنوب میں آزاد سرحدوں کے یورپی معاہدے شینگن میں شامل وہ آخری ملک ہے، جس کی قومی سرحدوں کے ایک حصے کے دوسری طرف یورپی یونین سے باہر کا خطہ شروع ہو جاتا ہے۔