1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاجرین کے معاہدے پر اقوام متحدہ کا الزام غلط ہے، آسٹریلیا

اے ایف پی
25 جولائی 2017

آسٹریلیا نے اقوام متحدہ کے اُس الزام کو مسترد کیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ کینبرا حکومت نے کشتیوں کے ذریعے آسٹریلیا پہنچنے والے چند تارکین وطن کو آباد کرنے کے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

https://p.dw.com/p/2h7Ti
Australien Nauru Flüchtlinge sprechen durch einen Zaun mit Journalisten
یل کے تحت پاپوا نيو گنی اور ناؤرو جزائر پر موجود ايسے تارکين وطن کو آسٹريليا ميں پناہ فراہم کی جانی تھی، جن کے آسٹريليا ميں رشتہ دار موجود ہيںتصویر: picture-alliance/dpa/AP Photo/R. Rycroft

مہاجرین کے امور کے نگران عالمی ادارے یو این ایچ سی آر نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا تھا کہ کینبرا حکومت سے ایک ایسے معاہدے پر اتفاق ہوا تھا جس کی رُو سے پاپوا نيو گنی اور ناؤرو جزائر پر موجود ايسے تارکين وطن کو آسٹريليا ميں پناہ فراہم کی جانی تھی، جن کے آسٹريليا ميں رشتہ دار موجود ہيں۔ بدلے میں یو این ایچ سی آر نے ان جزائر پر موجود مہاجرین کو امریکا منتقل کرنے پر آسٹریلوی حکومت کو مدد فراہم کرنے کو کہا تھا۔

اقوام متحدہ کے ہائی کميشن برائے مہاجرين يو اين ايچ سی آر کے سربراہ فيليپو گرانڈی نے کہا ،’’ اقوام متحدہ کے ہائی کميشن برائے مہاجرين کو مطلع کيا گيا ہے کہ آسٹريليا ان تارکين وطن کو اپنے ہاں پناہ دينے پر راضی نہيں۔‘‘

تاہم آسٹریلوی وزیر خارجہ جولی بشپ نے کہا ہے کہ اُن کی حکومت تارکین وطن کے حوالے سے اپنی سخت پالیسی سے کبھی پیچھے نہیں ہٹی جس نے اُن مہاجرین کا بہاؤ روکنے میں مدد کی ہے جنہیں انسانی اسمگلر پیسے لے کر کشتیوں پر آسٹریلیا پہنچانے کا کام کر رہے ہیں۔

Australien Einwanderungsgesetz gegen Flüchtlinge ist geplant
تصویر: picture-alliance/dpa/Rossbach/Krepp

بشپ کا کہنا تھا کہ مہاجرین کے حوالے سے کینبرا کا موقف ہمیشہ واضح رہا ہے۔ گرانڈی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ  اُن کے ادارے کو آسٹریلیا کی جانب سے حال ہی میں بتایا گیا ہے کہ پاپوا نيو گنی اور ناؤرو جزائر پر موجود تارکین وطن کے لیے صرف یہی راستہ ہے کہ یا تو وہ جزائر میں ہی مقیم رہیں اور یا پھر امریکا اور کمبوڈیا منتقل کر دیے جائیں۔

 آسٹريلوی وزير اعظم ميلکم ٹرن بال نے سابق امريکی صدر باراک اوباما کے ساتھ ايک ڈيل کو حتمی شکل دی تھی، جس کے تحت کچھ تارکين وطن کو امريکا ميں بسايا جانا تھا۔ اس ڈيل کو موجودہ امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ’احمقانہ‘ قرار دے چکے ہيں۔ آسٹريليا کے اپنی سرحدوں سے باہر قائم حراستی مراکز ميں اس وقت تقريباً ايک ہزار تارکين وطن موجود ہيں، جن ميں سے کئی کو طبی امداد درکار ہے۔