1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میانمار: سوچی کے خلاف بدعنوانی کا مقدمہ

10 جون 2021

میانمار کی فوجی حکومت نے جمہوریت نواز رہنما آنگ سان سوچی پر غیر قانونی رقومات اور دولت حاصل کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کے خلاف مقدمے کی سماعت آئندہ ہفتے شروع ہونے کی توقع ہے۔

https://p.dw.com/p/3ugAb
Myanmar Aung San Suu kyi
تصویر: Sem Van Der Wal/ANP/AFP/Getty Images

میانمار کی سرکاری میڈیا کی اطلاعات کے مطابق ملک کے فوجی جنتا نے 10 جون جمعرات کے روز معزول جمہوری رہنما آنگ سان سوچی پر بدعنوانی اور کرپشن کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔

ملکی انسداد بدعنوانی ادارے 'دی اینٹی کرپشن کمیشن' نے 75 سالہ نوبل انعام یافتہ رہنما پر جو فرد جرم عائد کی ہے اس میں غیر قانونی طریقے سے سونا حاصل کرنے اور چھ لاکھ ڈالر کی نقدی لینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

اس برس یکم فروری کو میانمار کی فوج نے سویلین حکومت کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے آنگ سان سوچی کو گرفتار کر لیا تھا تب سے وہ حراست میں ہیں اور انہیں کرپشن کے علاوہ کئی دیگر مجرمانہ مقدمات کا بھی سامنا ہے۔     

Myanma State Counsellor Aung San Suu Kyi
تصویر: Athit Perawongmetha/REUTERS

حکومتی میڈیا 'گلوبل نیو لائٹ آف میانمار' کی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز دارالحکومت نیپی تاومیں ان پر الزامات سے متعلق کیس کی فائلیں پیش کی گئیں۔ ان پر جو الزامات عائد کیے گئے ہیں اس کے تحت انہیں 15 برس کی قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ ان کے خلاف مقدمے کی سماعت آئندہ ہفتے پیر سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ 

وچی پر کیا کیا الزامات عائد ہیں

مقدمے کی دستاویزات کے مطابق، '' وہ اپنے عہدے کا استعمال کر کے بدعنوانی کی مرتکب ہوئیں اور اسی لیے انسداد بدعنوانی قانون کی دفعہ  55 کے تحت ان پر الزامات عائد کیے گئے ہیں۔''

محترمہ سوچی کے وکیل کھن ماؤنز زاؤ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ان الزامات کا اصل مقصد یہ کہ انہیں کسی طرح عوام سے دور رکھا جا سکے۔ انہوں نے الزامات کو بے بنیاد بتاتے ہوئے کہا، ''انہیں ملک کے منظر نامے سے دور رکھنے اور ان کے وقار کو مجروح کرنے کے لیے ایک ناقابل تردید سیاسی پس منظر موجود ہے۔''

Myanma State Counsellor Aung San Suu Kyi
تصویر: Franck Robichon/REUTERS

یانگون کے مقامی وزیر اعلی نے ان پر پہلے ہی یہ الزام عائد کیا تھا کہ محترمہ سوچی نے ان سے گیارہ کلو سونا اور نقد رقم حاصل کی تھی اور فرد جرم میں انہیں الزامات کو دہرایا گیا ہے۔

 ان پر اپنے عہدے اور اثر و رسوخ کو غلط طور پر استعمال کرنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ انہوں نے اپنے اختیارات کا بے جا استعمال کرتے ہوئے ایک خیراتی ادارے کے لیے کرائیے پر سرکاری املاک حاصل کیں۔

آنگ سان سوچی فوجی بغاوت کے بعد سے ہی اپنے گھر میں نظر بند رہی ہیں۔ ان کی سیاسی جماعت کے متعدد دیگر رہنما بھی گھروں میں نظر بند ہیں یا جیلوں میں قید ہیں۔

’’تعلیم سب کے لیے ہے تو روہنگیا کے لیے کیوں نہیں؟‘‘

فروری میں فوجی بغاوت کے بعد سے ہی میانمار میں افراتفری کا حال ہے اور اس کے خلاف مظاہرے ہورہے ہیں۔ فوج نے بغاوت کے خلاف احتجاج کو دبانے لیے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا ہے۔ ملک کی معیشت مفلوج ہو کر رہ گئی ہے جبکہ فوج احتجاج کرنے اور مخالفت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کر رہی ہے اور فوجی کارروائیوں میں اب تک 800 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

بغاوت کے بعد سے فوج اور میانمار کے متعدد نسلی باغی گروپوں کے درمیان بھی جھڑپیں جاری ہیں، جس کی وجہ سے لاکھوں شہریوں کو اپنے گھر چھوڑ کر جانے کے لیے مجبور ہونا پڑا ہے۔

 ص ز/ ج ا  (اے ایف پی، روئٹرز، ای ایف ای) 

میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف نوجوان شہریوں کا احتجاج

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں