1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میرکل ملکی پارلیمنٹ سے خطاب میں اہم امور پر بات کریں گی

صائمہ حیدر
21 مارچ 2018

جرمن چانسلر انگیلا میرکل آج بدھ کے روز ملکی پارلیمان کے ایوان زیریں سے خطاب کریں گی جس میں وہ اُن اہم امور پر بات کریں گی جن سے اُن کی نو منتخب حکومت نمٹنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

https://p.dw.com/p/2ug6D
Deutschland Bundestag Angela Merkel
تصویر: Reuters/K. Pfaffenbach

میرکل اور اُن کی کابینہ نے عام انتخابات کے چھ ماہ بعد ایک ہفتے قبل ہی حلف اٹھایا ہے۔ یہ جرمنی کی تاریخ میں الیکشن کے بعد کسی حکومت کے قیام میں اب تک کی طویل ترین مدت ہے۔ جرمنی کی مخلوط حکومت چانسلر میرکل کی سی ڈی یو، ان کی ہم خیال جماعت سی ایس یو اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی پر مشتمل ہے۔

ان جماعتوں کی مخلوط حکومت بننے سے پہلے طویل عرصے تک مذاکرات اور بحث و مباحثے کا دور چلتا رہا۔ رواں برس فروری کے اوائل میں اگرچہ مخلوط حکومت کے قیام کا معاہدہ اور وزارتوں کی تقسیم کا معاملہ طے پا گیا تھا تاہم نئی مخلوط حکومت کے قیام کا یہ معاہدہ ملک میں نئی سیاسی انتظامیہ کے اقتدار میں آنے سے قبل انگیلا میرکل کے طویل انتظار کا آخری مرحلہ نہیں تھا۔ اس لیے کہ اس معاہدے کی ایسی پی ڈی کے چار لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد ارکان کو اپنی رائے کے ذریعے توثیق کی جانی تھی۔

Deutschland Unterzeichnung Koalitionsvertrag
تصویر: picture-alliance/dpa/AP Photo/M. Schreiber

ان تمام مراحل سے گزرنے کے بعد جو معاہدہ ان تینوں جماعتوں کے درمیان طے پایا وہ ایک سو ستتر صفحات پر مشتمل تھا لیکن اس میں یہ تفصیل نہیں  بتائی گئی تھی کہ حکومت اپنے اہداف کیسے حاصل کرے گی۔

آج کے میرکل کے خطاب میں جرمن چانسلر انہی امور کے لیے ترتیب دیے گئے لائحہ عمل کی تفصیلات بتائیں گی۔ مثلاﹰ تارکین وطن کی دائر کردہ پناہ کی درخواستوں پر عمل در آمد کو تیز کرنے اور اُن کے خاندانوں کو مدد فراہم کرنے جیسے معاملات پر بات کی جائے گی۔

خارجہ پالیسی کے امور جیسے کہ یورپی یونین میں اصلاھات کی منصوبہ بندی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ جرمن حکومت کا موقف بھی میرکل کے خطاب کا حصہ ہو گا۔

علاوہ ازیں جرمن پارلیمنٹ میں سب سے بڑی اپوزیشن جماعت اے ایف ڈی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کو بھی اہم امور پر اپنا موقف دینے کا موقع دیا جائے گا۔