’میونخ حملہ ایک جنونی کارروائی تھی‘، جرمن تفتیش کار
23 جولائی 2016جرمن تفتیش کاروں نے میونخ میں پیش آنے والے اُس خونریز واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری کی ہیں، جس میں جمعے کی شام ایک اٹھارہ سالہ ایرانی نژاد جرمن شہری نے فائرنگ کرتے ہوئے تین خواتین سمیت نو افراد کو ہلاک کر دیا اور بعد ازاں خود کُشی کر لی۔
میونخ پولیس کے سربراہ ہُوبیرٹُس آندرے نے ہفتے کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس واقعے کے کوئی سیاسی محرکات نہیں تھے اور یہ واضح طور پر ایک جنونی نوجوان کی جانب سے طیش میں آ کر کی جانے والی کارروائی تھی۔ اُنہوں نے بتایا کہ حملہ آور میونخ ہی میں پیدا ہوا اور یہیں پلا بڑھا تھا۔
حملہ آور کے گھر کی تلاشی کے دوران وہاں سے ماضی میں ہونے والی جنونی کارروائیوں سے متعلق کتابیں ملی ہیں، جن سے پتا چلتا ہے کہ اُس نے اس موضوع پر بہت کچھ پڑھ رکھا تھا۔
میونخ کے دفترِ استغاثہ کے مطابق ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جن کے پیشِ نظر اس واقعے کو کسی بھی اور نوعیت کا قرار دیا جا سکتا ہو، مزید یہ کہ حملہ آور اسکول طالب علم کا مسلمان انتہا پسندوں کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں تھا۔
میونخ پولیس کے سربراہ کے مطابق بہت سے شواہد کی روشنی میں اس بات کا بھی قوی امکان ہے کہ حملہ آور نے زیادہ سے زیادہ افراد کو اولمپک شاپنگ سینٹر کی طرف آنے کی ترغیب دینے کے لیے ایک فیس بُک اکاؤنٹ بھی ہیک کر لیا تھا تاہم یہ کہ ابھی اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ تفتیش کاروں کے مطابق حملہ آور ڈپریشن کا بھی مریض تھا اور اس سلسلے میں زیرِ علاج بھی رہا۔ مزید یہ کہ اُس کا پناہ کے متلاشیوں سے بھی کوئی تعلق نہیں تھا۔
بتایا گیا ہے کہ اس واقعے کا ناروے کے شہری آندرس بیہرنگ بریوِک کی جنونی کارروائی سے براہِ راست تعلق بنتا ہے کیوں کہ جمعے کو بریوک کے اُس جنونی اقدام کی پانچویں برسی تھی، جس میں اُس نے ستتر افراد کو، جن میں سے زیادہ تر نو عمر تھے، ہلاک کر دیا تھا۔
اس واقعے میں ایک فاسٹ فُوڈ ریستوراں کے اندر، اُس کے باہر اور اولمپک شاپنگ سینٹر کے اندر لوگوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ فائرنگ کے باعث کوئی سیاح ہلاک یا زخمی نہیں ہوئے۔ تمام مرنے والے میونخ اور اُس کے نواحی علاقوں میں بسنے والے شہری تھے۔ آٹھ ہلاک شُدگان کی عمریں چَودہ اور بیس سال کے درمیان تھیں۔
جمعے کو شام چھ اور رات بارہ بجے کے درمیان میونخ کی پولیس کو چار ہزار تین سو دَس ہنگامی کالز موصول ہوئیں، جو کسی عام دن کے مقابلے میں چار گنا زیادہ تھیں۔