میڈرڈ ماسٹرز کپ، رافائل نادال پر امید
2 مئی 2011ہسپانوی کھلاڑی رافائل نادال نے انہوں نے کہا ہے کہ اپنے ملک میں کھیلتے ہوئے ان پر کوئی دباؤ نہیں ہے اور وہ اپنا روایتی کھیل پیش کریں گے۔ میڈرڈ اوپن یا میڈرڈ ماسٹرز کپ کا آغاز یکم مئی سے ہوا۔ عالمی نمبر ایک رافائل نادال اس مرتبہ بھی پرجوش نظر آ رہے ہیں۔ کلے کورٹ پر کھیلے گئے اپنے گزشتہ چونتیس میچوں میں رافائل نادال ناقابل شکست رہے ہیں۔ کلے کورٹ پر آخری مرتبہ وہ 2009ء میں اس وقت شکست سے دوچار ہوئے تھے، جب سویڈش کھلاڑی رابن سوڈرلنگ نے انہیں فرنچ اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں ہی شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا تھا۔
اتوار کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رافائل نادال نے کہا کہ وہ اپنے ملک میں کھیلتے ہوئے ہمیشہ ہی لطف اندوز ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ میڈرڈ ماسٹرز میں ان کے سبھی مقابلے جاندار ہوں گے۔ نادال نے کہا کہ جیت کے لیے ہمیشہ ہی سخت محنت کرنا ہوتی ہے۔
دوسری طرف نوواک جوکووچ، نادال کے لیے خطرہ سمجھے جا رہے ہیں۔ سربیا سے تعلق رکھنے والے جوکووچ نے اتوار کو بلغراد اوپن کے فائنل میں کامیابی حاصل کی اور اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھنے میں کامیاب ہوئے۔ وہ اپنے گزشتہ چھبیس میچوں میں ناقابل شکست رہے ہیں۔
میڈرڈ ماسٹرز ٹورنامنٹ میں برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے بھی شامل ہوں گے۔ اپریل میں زخمی ہونے کے بعد ایسے شکوک پائے جا رہے تھے کہ شاید وہ اس کپ میں شریک نہ ہو سکیں۔ تاہم انہوں نے کہا ہے کہ وہ اپنی معمول کی پریکٹس جاری رکھے ہوئے ہیں اور خود کو فٹ محسوس کر رہے ہیں۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: امجد علی