میں چھوٹا سا اِک بچہ ہوں پر کام کروں گا بڑے بڑے
13 اپریل 2010اگر رومیرو ایورسٹ سر کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما بن جائیں گے۔
یوں تو بہت سے کوہ پیما اگلے ماہ دنیا کی اس سب سے بڑی پہاڑی کو سر کرنے کے لئے تبت میں واقع نائیلم نامی بیس کیمپ میں پہنچنا شروع ہوگئے ہیں تاہم یہ کم عمر امریکی کوہ پیما اس لحاظ سے بھی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے کہ وہ اپنے ساتھ گرمائی تعطیلات کے دوران اسکول کی طرف سے ملنے والا ’گھر کا کام‘ بھی لایا ہے تاکہ فارغ وقت میں وہ بھی نمٹا دیا جائے۔
کیلی فورنیا کے پہاڑی قصبے ’بگ بیئر‘ کا رہائشی یہ بچہ پہلی بار کوئی پہاڑی چوٹی سر نہیں کررہا بلکہ وہ اس سے قبل دنیا کی سات بلند ترین پہاڑی چوٹیوں میں سے پانچ پر قدم جماچکا ہے۔ ایک بحث اس وقت یہ بھی کی جارہی ہے کہ کیا یہ مناسب ہے کہ اتنے کم عمر بچے کو ایورسٹ کی چوٹی سرکرنے کی پر خطر جستجو کی اجازت دی جائے، جس میں وہ جان سے بھی ہاتھ دھوسکتا ہے۔ رومیرو کے ساتھ اس کے والد اور سوتیلی والدہ بھی نیپال پہنچ گئے ہیں، جو تجربہ کار کوہ پیما ہیں۔
ایورسٹ کو سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما کا اعزاز نیپالی Temba Tsheri کو حاصل ہے۔ ماؤنٹ ایورسٹ کی اونچائی 8,848 میٹر ہے۔
رپورٹ : شادی خان سیف
ادارت : عاطف توقیر