نئی دہلی: تین کلومیٹر کی سائیکل ریس کی فاتح شینکس
8 اکتوبر 2010ایلیسن شینکس کو اس ریس کے لئے پہلے ہی سے فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا۔ انہوں نے اس دوڑ میں شمالی آئرلینڈ کی وینڈی ہُوویناگل کو شکست دی۔ انہی دونوں خواتین سائیکلسٹوں کے مابین گزشتہ برس بھی بہت سخت مقابلہ ہوا تھا۔ اس میں بھی فتح Alison Shanks ہی کے حصے میں آئی تھی۔
انفرادی مقابلے میں سونے کا یہ تمغہ جیتنے کے بعد شینکس نے کہا: ’’یہ تمغہ میرے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ مجھے اپنے لئے اس اعزاز پر بڑا فخر ہے۔ میں امید کرتی ہوں کہ مستقبل میں بھی میں ایسے مزید تمغے جیت سکوں گی۔‘‘ ستائیس سالہ شینکس نے سال 2006 میں آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں ہونے والے کھیلوں کے دولت مشترکہ مقابلوں میں سائیکلنگ کے اسی شعبے میں چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی اور دو سال قبل ہونے والے اولمپک مقابلوں میں بھی وہ چوتھی پوزیشن پر ہی آئی تھیں۔
وینڈی ہُوویناگل نے 2008 کے اولمپک مقابلوں میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ نئی دہلی میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے دوران اس ریس میں بھی ایک وقت ایسا آیا، جب یہ محسوس ہونے لگا تھا کہ وینڈی یہ دوڑ جیت جائیں گی۔ تاہم ٹریک کے آخری چکروں کے دوران وینڈی پوری کوشش کے باوجود شینکس کی طاقت کا مقابلہ نہ کر پائیں اور شینکس نے یہ ریس تین منٹ اور 30.87 سیکنڈز میں جیت لی۔
وینڈی ہُوویناگل نے نئی دہلی مقابلوں میں شمالی آئرلینڈ کے لئے چاندی کا جو تمغہ جیتا، وہ اس لئے بھی ایک بڑا اعزاز تھا کہ یہ میڈل کامن ویلتھ مقابلوں میں ان کو اب تک ملنے والا اعلیٰ ترین تمغہ ہے۔ تین کلومیٹر فاصلے کی خواتین کی اس سائیکل ریس میں کینیڈا کی تارا ویٹن نے تیسرے نمبر پر آ کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا جبکہ ایلیسن شینکس کی ہم وطن جیمی نیلسن اس دوڑ میں چوتھے نمبر پر رہیں۔
رپورٹ: سمن جعفری
ادارت: مقبول ملک