1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جی ٹوئنٹی اجلاس انتشار کا شکار، مشترکہ اعلامیے کے بغیر ختم

جاوید اختر، نئی دہلی
3 مارچ 2023

نئی دہلی میں جمعرات کو جی ٹوئنٹی وزرائے خارجہ کا اجلاس یوکرین جنگ کے معاملے پر امریکہ اور روس کی الزام تراشیوں کے سبب انتشار کا شکار ہو گیا۔ بھارت کی میزبانی میں منعقدہ اس اجلاس میں کوئی مشترکہ اعلامیہ جاری نہیں ہو سکا۔

https://p.dw.com/p/4OByN
Indien Neu Delhi | Bildkombo G20 Außenminister Lawrow und Blinken
تصویر: Olivier Douliery/AFP/AP/picture alliance

ایک ہفتے کے اندر یہ دوسرا موقع تھا جب جی ٹوئنٹی گروپ کے وزراء اتفاق رائے پیدا کرنے میں ناکام رہے۔ اس سے قبل بنگلورو میں جی ٹوئنٹی وزرائے خزانہ کے اجلاس میں بھی کوئی مشترکہ اعلامیہ جاری نہیں ہو سکا تھا۔ رواں برس جی ٹوئنٹی کے صدر کے طور پر بھارت نے صدارتی بیان جاری کیا۔

بھارت کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ "زیادہ تر ارکان نے یوکرین میں جنگ کی شدید مذمت کی اور اس بات پر زور دیا کہ یہ جنگ بے پناہ انسانی مصائب کا سبب بن رہی ہے اور عالمی معیشت میں موجود کمزوریوں میں اضافہ کر رہی ہے۔''

اجلاس کے دوران یوکرین جنگ کے معاملے پر شدید اختلافات دیکھنے کو ملے۔ ایک طرف امریکہ کی قیادت میں مغرب نے اور دوسری طرف روس اور چین نے ایک دوسرے کے خلاف موقف اختیار کیے۔

جی ٹوئنٹی وزرائے خارجہ اجلاس میں مودی کا عالمی اتحاد پر زور

گوکہ تمام ممالک اپنے اپنے سابقہ موقف پر قائم رہے لیکن اہم بات یہ رہی کہ امریکہ اور بھارت دونوں نے کہا کہ اجلاس کے دستاویز کی بھاری اکثریت نے تائید کی۔

اجلاس کے بعد بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ اجلاس میں جن امور پر غور و خوض کیا گیا ان میں سے "95 فیصد پر" اتفاق رائے تھا۔ البتہ اعلامیے کے دو پیراگراف پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔ "ہر کوئی دو پیراگراف پر متفق نہیں تھا۔"

جے شنکر نے کہا، "یوکرین تنازع پر اختلافات تھے جسے ہم دور نہیں کرسکے۔ ہم نے کوشش کی، لیکن ملکوں کے درمیان فاصلہ بہت زیادہ تھا۔"

انہوں نے مزید کہا کہ بالی اعلامیے میں "ہم اتفاق رائے پیدا کرنے میں کامیاب رہے تھے لیکن بالی (جی ٹوئنٹی اجلاس) کے بعد کچھ واقعات ہوئے ہیں...ہم نے دوری کو پاٹنے کی کوشش کی۔"

بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ ہم نے کوشش کی لیکن یوکرین تنازع پر اختلافات دور نہیں کرسکے، ملکوں کے درمیان فاصلہ بہت زیادہ تھا
بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ ہم نے کوشش کی لیکن یوکرین تنازع پر اختلافات دور نہیں کرسکے، ملکوں کے درمیان فاصلہ بہت زیادہ تھاتصویر: Olivier Douliery/AP/picture alliance

یوکرین جنگ پر اختلافات برقرار

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اجلاس کے افتتاح کے موقع پر ایک ویڈیو پیغام میں تمام ممالک سے اختلافات کو ایک طرف رکھنے اور مشترکہ بنیادوں پر توجہ مرکوز کرنے کی درخواست کی تھی۔ تاہم اجلاس میں کشیدگی کی فضا برقرار رہی اور امریکہ اور روس نے ایک دوسرے پر الزامات عائد کیے۔

نئی دہلی کی خواہش تھی کہ اس کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں غربت کے خاتمے اور ماحولیاتی مالیات جیسے مسائل پر توجہ مرکوز کی جائے لیکن حسب توقع یوکرین پر روس کی فوجی کارروائی  پر بحث کا غلبہ رہا۔

اجلاس کے دوران امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے درمیان مختصر ملاقات بھی رہی۔ گزشتہ جولائی کے بعد یہ دونوں کی پہلی براہ راست ملاقات تھی۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اہلکار کے مطابق اس ملاقات میں بلنکن نے اس بات پر زور دیا کہ چاہے جتنا بھی وقت لگے واشنگٹن یوکرین کے دفاع میں اس کا ساتھ دیتا رہے گا۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ مغربی وفود نے جی ٹوئنٹی ایجنڈے کو تماشہ میں تبدیل کردیا، وہ معیشت میں اپنی ناکامیوں کی ذمہ داری ماسکو پر ڈالنا چاہتے ہیں
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ مغربی وفود نے جی ٹوئنٹی ایجنڈے کو تماشہ میں تبدیل کردیا، وہ معیشت میں اپنی ناکامیوں کی ذمہ داری ماسکو پر ڈالنا چاہتے ہیںتصویر: ASSOCIATED PRESS/picture alliance

امریکہ بلیک میل کر رہا اور دھمکیاں دے رہا ہے، روس

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ مغربی وفود نے "جی ٹوئنٹی ایجنڈے کو تماشہ میں تبدیل کردیا، وہ معیشت میں اپنی ناکامیوں کی ذمہ داری ماسکو پر ڈالنا چاہتے ہیں۔" انہوں نے مغرب کو یوکرین کو اناج کی برآمدات کی اجازت دینے کے معاہدے کو ناکام بنانے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔

جی ٹوئنٹی سمٹ سے پہلے ہی مغربی اور روسی لیڈر آمنے سامنے

اجلاس کے دوران روسی وزیر خارجہ اور چینی وزیر خارجہ نے بھی باہمی ملاقات کی۔ جس کے بعد روسی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں دونوں ملکوں نے دوسرے ملکوں کو "بلیک میل کرنے اور دھمکیاں دینے'' پر مغربی ملکوں کی تنقید کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے، "دوسرے ممالک کے داخلی معاملات میں مداخلت، بلیک میلنگ، دھمکیوں کے ذریعے یکطرفہ سوچ مسلط کرنے اور بین الاقوامی تعلقات کو جمہوری بنانے کی مخالفت کرنے کی کوششوں کو متفقہ طور پر مسترد کر دیا گیا۔"

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ روس اور چین کی وجہ سے ہی اختلافات دور کرنے کی بھارت کی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکیں
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ روس اور چین کی وجہ سے ہی اختلافات دور کرنے کی بھارت کی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکیں تصویر: Olivier Douliery/REUTERS

امریکی وزیر خارجہ نے کیا کہا؟

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ جی 20 اجلاس روس کی "یوکرین کے خلاف بلا اشتعال اور بلاجواز جنگ  اور شہری اہداف کے خلاف جان بوجھ کر تباہ کرنے کی مہم" سے متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بین الاقوامی امن اور اقتصادی استحکام کی خاطر روس سے جارحیت کی جنگ ختم کرنے کا مطالبہ جاری رکھنا چاہیے۔

انہوں نے روس اور چین کا نام لے کر کہا کہ ان دونوں ملکوں کی وجہ سے ہی اختلافات دور کرنے کی بھارت کی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکیں اور اجلاس کسی مشترکہ اعلامیہ کے بغیر ختم ہوگیا۔

جی ٹوئنٹی رہنماوں کے مشترکہ اعلامیے میں روسی جنگ کی مذمت

بلنکن نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا،"روس اور چین صرف ایسے دو ممالک تھے جنہوں نے واضح کردیا کہ وہ اعلامیے کے متن پر دستخط نہیں کریں گے۔"

انہوں نے کہا کہ امریکہ جی ٹوئنٹی کے لیے بھارت کے ایجنڈے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

جاوید اختر(روئٹرز اور اے پی کے ساتھ)