نئی دہلی میں بغیر ڈرائیور چلنے والی میٹرو کا آغاز
25 دسمبر 2017اس ٹرین نے فی الحال 12.6 کلومیٹر فاصلے تک کے چھوٹے سیکشن پر کام شروع کیا ہے جو دارالحکومت نئی دہلی کے جنوبی حصے سے نئی دہلی کے مضافاتی جدید شہر نوئیڈا کو ملاتا ہے۔ دریائے جمنا کے دوسری کنارے پر موجود اس شہر کو بھارت کا انفارمیشن ٹیکنالوجی کا حب قرار دیا جاتا ہے۔
نئی دہلی میٹرو ریل کارپوریشن کے مطابق انتہائی جدید ٹیکنالوجی کی حامل اس ٹرین میں فی الحال ایک ڈرائیور بھی موجود رہے گا تاہم مستقبل میں یہ ڈرائیور کے بغیر سفر کرے گی۔ ایک اہلکار نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اس ٹرین میں ایک دو برس تک انسانی ڈرائیور موجود رہے گا۔
گزشتہ ہفتے ان میں سے ایک ٹرین ایک ڈپو کی دیوار سے ٹکرا گئی تھی جس کی وجہ سے خودکار طریقے سے چلانے والی ٹیکنالوجی کی درستگی پر تحفظات پیدا ہوئے تھے۔ تاہم میٹرو کمپنی کا کہنا تھا کہ اس حادثے کی وجہ انسانی غلطی تھی کیونکہ ٹرین کی دیکھ بھال کے لیے بریکس خودکار نظام سے الگ کر دی گئی تھیں اور غلطی سے دوبارہ انہیں اس نظام سے منسلک نہیں کیا گیا تھا جس کی وجہ سے ٹرین ریمپ کو توڑتی ہوئی دیوار سے جا ٹکرائی تھی۔
میجنٹا لائن دہلی میٹرو نظام میں تازہ ترین پیشرفت ہے جو 15 برس قبل شروع کیا گیا تھا اور جس کی مجموعی لمبائی 200 کلومیٹر ہے۔ اس میٹرو نظام کی بدولت بھارتی دارالحکومت میں اسکولوں اور دفتروں کو آنے جانے والے شہریوں کی زندگی نسبتاﹰ آسان ہو گئی تھی۔