نئے سال 2016ء کو خوش آمدید
دنیا بھر میں آتش بازی کے خوبصورت مظاہروں کے ساتھ نئے سال کو خوش آمدید کہا جا رہا ہے۔
نیا سال مبارک ہو
جرمن دارالحکومت برلن میں برانڈن برگ گیٹ سے لے کر ’فتح کے مینار‘ تک کے دو کلومیٹر تک کے علاقے میں لاکھوں شہریوں نے نئے سال کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔
برلن، جرمنی
دارالحکومت برلن کے برانڈن برگ گیٹ پر منظم کی جانے والی پارٹی جرمنی میں سالِ نو کی سب سے بڑی پارٹی تھی۔ منتظمین کے مطابق اس جشن میں ایک ملین تک شہریوں نے شرکت کی۔
نیویارک، امریکا
نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں سالِ نو کے جشن کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے۔ اس سلسلے میں پولیس کے چھ ہزار اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔
ماسکو، روس
ماسکو میں سالِ نو کی آمد کا جشن ریڈ اسکوائر (سرخ چوک) میں منایا گیا۔ اس موقع پر ہزارہا شہری اس چوک میں جمع تھے۔
اشٹٹ گارٹ، جرمنی
جرمنی کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں رات کے بارہ بجتے ہی آسمان رنگ و روشنی کی برسات میں نہا گیا اور لوگوں نے ایک دوسرے سے گلے ملتے ہوئے نئے سال کا استقبال کیا۔
سوئٹزرلینڈ
سوئٹزرلینڈ میں چہروں پر اس طرح کے خصوصی ماسک پہن کر نئے سال کو خوش آمدید کہا جاتا ہے۔
ہانگ کانگ، چین
ہانگ کانگ میں وکٹوریہ ہاربر پر آتش بازی کے شاندار مظاہرے سے فضا میں رنگ سے بکھر گئے اور یوں نئے سال 2016ء کی آمد کا جشن منایا گیا۔
ٹوکیو، جاپان
سال نو کے آغاز کے موقع پر دنیا بھر میں لوگ خوشیاں مناتے ہوئے نئے سال میں داخل ہوئے۔ اس تصویر میں جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں نئے سال کا استقبال کیا جا رہا ہے۔
جاپان میں جشن
ٹوکیو کے پرنس پارک ٹاور میں ایک ہزار سے زائد غبارے فضا میں چھوڑے گئے۔ نئے سال کی آمد پر جاپان میں عام تعطیل ہوتی ہے، کئی ملین شہری شہروں کو چھوڑ کر اپنے آبائی دیہات اور قصبوں کا رخ کرتے ہیں۔
سڈنی، آسٹریلیا
آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں نئے سال کا آغاز سب سے پہلے ہو جاتا ہے۔ اس موقع پر سڈنی ہاربر برج پر اب تک کی سب سے بڑی آتش بازی کی گئی۔
سڈنی کے آسمان پر تتلیاں اور پھول
سال دو ہزار سولہ کے آغاز کو یاد گار بنانے کے لیے سڈنی میں ماضی کی نسبت اضافی طور پر ڈھائی ہزار فائر ورکس چلائے گے۔ اس کے علاوہ وہاں ایک رنگا رنگ آبشار کے ساتھ ساتھ پھولوں اور تتلیوں کی طرز کے گلدستے بھی بنائے گئے۔
دلفریب آتش بازی
اس مرتبہ سڈنی شہر کی انتظامیہ نے نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے 70 لاکھ آسٹریلین ڈالر کی خطیر رقم خرچ کی جبکہ انتہائی دلفریب آتش بازی کا سلسلہ بیس منٹ تک جاری رہا۔
ایک ارب ناظرین کا مرکزِ نگاہ
لائیو کوریج کی وجہ سے دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد افراد سڈنی میں ہونے والی آتش بازی کا نظارہ کرتے ہیں۔
آک لینڈ، نیوزی لینڈ
نیوزی لینڈ کے سب سے بڑے شہر آک لینڈ میں نصف شب سے چار گھنٹے پہلے ہی اسکائی ٹاور پر رنگا رنگ لائٹ شو شروع کر دیا گیا تھا۔