1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نائجر میں اغوا کیے گئے فرانسیسی شہری ہلاک

9 جنوری 2011

نائجر میں دو مغوی فرانسیسی شہری بچاؤ کی ایک کارروائی کے دوران ہلاک ہو گئے ہیں۔ فرانس نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔ انہیں جمعہ کو نائجر کے دارالحکومت نیامے میں ایک ریستوران سے اغوا کیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/zvIp
تصویر: DW

فرانس کے وزیر دفاع Alain Juppe نے کہا ہے کہ مغویوں کی رہائی کے لئے نائجر نیشنل گارڈ کے اہلکاروں نے مالی کی سرحد کے ساتھ ایک آپریشن کیا، تاہم اس کارروائی میں یہ فرانسیسی شہری ہلاک ہو گئے۔

فرانس کے صدر نکولا سارکوزی نے ان ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اور ظالمانہ قرار دیا ہے۔ دوسری جانب ابھی تک کسی گروپ نے اغوا کی اس واردات کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ تاہم شمالی افریقہ میں دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے منسلک ایک گروہ اس سے پہلے بھی مغربی شہریوں کے اغوا میں ملوث رہا ہے۔

فرانسیسی وزیر دفاع کا کہنا ہے، ’یہ آپریشن خطے میں فرانسیسی حکام کے ساتھ مشاورت سے کیا گیا۔ دہشت گردوں کو مالی کی سرحد پر روک لیا گیا تھا۔‘

انہوں نے بتایا کہ لڑائی کے بعد دونوں مغویوں کو مردہ پایا گیا۔

بتایا جاتا ہے کہ ان فرانسیسی شہریوں کو جمعہ کی شب نیامے میں ایک ریستوران سے اغوا کیا گیا تھا۔ عینی شاہدوں کے مطابق پگڑیاں پہنے مسلح افراد ایک ریستوران میں داخل ہوئے اور دو افراد کو وہاں سے لے گئے۔

واضح رہے کہ جمعہ کو جب ان افراد کو اغوا کیا گیا تو اس کے بعد نائجر کی سکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان مالی کی سرحد سے ملحقہ ایک علاقے میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

نیامے حکومت کے ترجمان Laouali Dah Dah کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں کو اسی علاقے میں روک لیا گیا تھا، جس کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی اہلکاروں نے مغویوں کو نقصان پہنچنے کے خدشے کے پیش قدمی نہیں کی تھی، جس کے باعث اغواکاروں کو فرار ہونے کا موقع ملا۔

Sarkozy nahm angeblich Schwarzgeld von Bettencourt
فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے اس واقعے پر دُکھ کا اظہار کیا ہےتصویر: picture alliance / dpa

حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ اغوا کار عربی اور فرانسیسی زبانوں میں باتیں کر رہے تھے، تاہم انہوں نے نقاب پہن رکھے تھے، اس لئے ان کی شناخت نہیں ہو سکی۔

خبررساں ادارے روئٹرز نے نائجر میں حکومتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مغویوں کی لاشیں دارالحکومت نیامے پہنچا دی گئی ہیں۔

مغویوں میں سے ایک کی شناخت امدادی کارکن کے طور پر ہوئی ہے، جو نائجر کی ایک خاتون سے شادی کرنے والا تھا جبکہ دوسرا شخص اس امدادی کارکن کا دوست تھا اور ایک تقریب میں شرکت کے لیے نیامے پہنچا تھا۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: افسر اعوان