1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نائجیریا کے دارالحکومت کے نواح میں خوفناک بم دھماکے، 71 ہلاک

عابد حسین14 اپریل 2014

آج افریقی ملک نائجیریا کے دارالحکومت ابوجا کے نواح میں ایک مصروف بس اڈے پر ہونے والے دو خوفناک بم دھماکوں میں درجنوں افراد ہلاکت ہو گئے۔ یہ دھماکے مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے کے قریب ہوئے تھے۔

https://p.dw.com/p/1Bhjb
تصویر: Reuters

دارالحکومت ابوجہ میں گزشتہ دو برسوں میں ہونے والے ان خوفناک ترین بم دھماکوں کے بارے میں یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا یہ خود کش تھے یا انہیں وہاں نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے کے وقت بے شمار مسافر اپنے روزگار کے مقام کی جانب روانہ ہونے والی بسوں میں سوار ہو رہے تھے۔ دھماکوں سے کم از کم تیس بسیں تباہ ہو گئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق پورے بس اڈے میں انسانی خون اور اعضاء بکھرے ہوئے تھے۔ مقامی سکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر اس بم دھماکے میں اسلام پسند تنظیم بوکو حرام کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔

بم دھماکے کا مقام ابوجا شہر سے سولہ کلو میٹر کی دوری پر واقع نیانیا موٹر پارک (Nyanya Motor Park) تھا۔ ابوجا کی پولیس نے بم دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 71 اور زخمیوں کی 124 بتائی ہے۔ پولیس کے ترجمان فرینک مبا (Frank Mba) نے میڈیا کو بتایا کہ زخمیوں کو ہنگامی بنیادوں پر علاج کی سہولت دی جا رہی ہے۔ اس سے قبل مختلف ذرائع ہلاکتوں کی تعداد 35 بتا رہے تھے جبکہ جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے مقامی ذرائع کے حوالے سے ہلاک شدگان کی تعداد دو سو تک بھی بتائی تھی۔

Abuja Anschlag 14.04.2014
بم دھماکے کا مقام ابوجا شہر سے سولہ کلو میٹر کی دوری پر واقع نیانیا موٹر پارک تھاتصویر: picture alliance/AP Photo

ابھی کل اتوار کے روز نائجیریا کی شمال مشرقی شورش زدہ ریاست بورنو میں انتہا پسند تنظیم بوکو حرام کے مشتبہ جہادیوں نے کم از کم ساٹھ افراد کو ہلاک کر دیا۔ یہ ہلاکتیں نائجیریا کے ہمسایہ ملک کیمرون کی سرحد کے قریب ہوئیں۔ بورنو کے ضلع باما کے انتظامی سربراہ بابا شیہو گولومبا (Baba Shehu Gulumba) نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ حملہ آور یقینی طور پر بوکو حرام سے تعلق رکھتے تھے۔ انتظامی سربراہ کے مطابق اتوار کی صبح آمچاکا اور قریبی دیہات پر حملے کرتے ہوئے حملہ آوروں نے گھروں پر دیسی ساختہ بم پھینکے اور انہیں آگ لگا دی۔ گولومبا کے مطابق بعد میں حملہ آوروں نے بھاگتے ہوئے افراد پراندھا دھند فائرنگ کی اور اس طرح اس ساری کارروائی کے نتیجے میں ساٹھ افراد کی ہلاکت ہوئی۔ گورنر گولومبا نے یہ بھی بتایا کہ حملہ آور آمچاکا اور باما کے قریبی دیہات تک ٹرکوں اور موٹر سائیکلوں کے علاوہ دو بکتر بند گاڑیوں کے ذریعے پہنچے تھے۔

دو سال قبل نائجیریا کے دارالحکومت ابوجہ میں واقع اقوام متحدہ کے دفتر میں کیے گئے بوکو حرام کے ایک بم حملے میں اکیس افراد ہلاک اور ساٹھ سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ رواں برس بوکوحرام کے مختلف دہشت گردانہ حملوں میں پندرہ سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔