1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نائن الیون تعزیتی تقریبات تناؤ کے سائے میں

11 ستمبر 2010

نو برس قبل نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ ٹاورز اور امریکی محکمہ دفاع پینٹا گون کی عمارت پر ہوئے دہشت گردانہ حملوں کے نو برس مکمل ہونے پر سالانہ سوگواری تقریبات آج منائی جا رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/P9l5
تصویر: picture-alliance/landov

دوسری جانب فلوریڈا کے ایک چرچ کے پادری کی جانب سے مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن کے نسخے جلانے کے اعلان کے باعث دنیا بھر میں تناؤ کا ماحول موجود ہے۔

Ground Zero in New York 2010 NO-Flash
گراؤنڈ زیرو پر منعقدہ سالانہ تعزیتی تقریبا کا منظرتصویر: AP

آج سے ٹھیک نو برس قبل دہشت گردوں نے اغوا شدہ طیارے نیویارک کے جڑواں ٹاورز اور پینٹا گون کی عمارت سے ٹکرا دئے تھے۔ ان حملوں میں مجموعی طور پر تین ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس حوالے سے نیویارک کے گراؤنڈ زیرو پر منعقد ہونے والی ایک یادگاری تقریب میں یہاں ہلاک ہونے والے 2752 افراد کے نام افسردہ دھنوں پر دہرائے جائیں گے۔ اس تقریب میں اُس دہشت گردانہ حملے کے دوران ٹاورز سے جہازوں کے ٹکرانے اور ٹاورز کے گرنے کی یاد میں ایک ایک منٹ کی مکمل خاموشی بھی اختیار کی جائے گی۔ امریکی صدر باراک اوباما آج محکمہ دفاع کے دفتر پینٹا گون اور نائب صدر جو بائیڈن نیویارک میں منعقدہ تقاریب میں شریک ہوں گے۔

اس مرتبہ ان تقریبات کے موقع پر فلوریڈا کے ایک پادری کی جانب سے مسلمانوں کی مذہبی کتاب قرآن کے سینکڑوں نسخے سرعام جلانے کے اعلان کے باعث تناؤ بڑھتا جا رہا ہے ۔ ٹیری جونز نامی اس پادری کا کہنا ہے کہ اگر گراؤنڈ زیرو کے قریب اسلامی سینٹر اور مسجد کی مجوزہ تعمیر کو منسوخ نہ کیا گیا، تو وہ قرآن کے نسخے جلائیں گے۔ تاہم بعد میں انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے اس سلسلے میں اس مجوزہ اسلامی سینٹر کے امام عبدالرؤف سے بات چیت کر لی ہے اور امام رؤف اس بات پر متفق ہو گئے ہیں کہ وہ اس اسلامی سینٹر کو گراؤنڈ زیرو کے قریب تعمیر نہیں کریں گے، اس لئے اب وہ بھی قرآن کے نسخے نہیں جلائیں گے۔ دوسری جانب اس اسلامی سینٹر کے امام عبدالرؤف نے ایسے کسی بھی بیان کی تردید کی ہے۔

Pro Moslem Demo New York
گراؤنڈ زیرو کے قریب منعقدہ مسلمانوں کی ریلی کا منظرتصویر: ap

آج گراؤنڈ زیرو پر یادگاری تقریبات کے انعقاد کے بعد گراؤنڈ زیرو کے قریب ہی اسلامی سینٹر اور مسجد کی مجوزہ تعمیر کے حامی اور مخالفین بھی ریلیاں منعقد کریں گے۔ پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی تمام ممکنہ کوشش ہو گی کہ دونوں گروپوں کے درمیان آمنا سامنا نہ ہو تاکہ کسی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

نیویارک کے گراؤنڈ زیرو سے دو بلاک کے فاصلے پر اسلامی مرکز اور مسجد کی تعمیر کا منصوبہ یہاں کے امام فیصل عبد الرؤف نے پیش کیا تھا، تاکہ نائن الیون کے بعد مسلمانوں اور دیگر امریکیوں کے درمیان پیدا ہو جانے والی خلیج میں کمی لائی جائے تاہم خود اس مسجد کی تعمیر کے اعلان کے باعث اس خلیج میں اور بھی اضافہ ہوا ہے۔

Bahrain USA Imam Feisal Abdul Rauf wirbt für Moschee in New York
اسلامی سینٹر کے امام فیصل عبدالرؤف نماز کے دورانتصویر: AP

نیویارک میں جمعہ کی شام تناؤ اس وقت انتہائی شدید صورت اختیار کر گیا، جب قریب دو ہزار امریکی مسلمانوں نے اس مسجد کی تعمیر کے حق میں گراؤنڈ زیرو کے قریب ایک ریلی نکالی۔

امریکی صدر باراک اوباما نے گزشتہ روز اپنی ایک نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ ٹیری جونز کے اس اعلان کے باعث افغانستان اور دنیا کے دیگر علاقوں میں متعین امریکی فوجیوں اور شہریوں کے لئے خطرات میں اضافہ ہو گا۔

دوسری جانب انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں