1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمقبوضہ فلسطینی علاقے

نابلوس میں تین مشتبہ فلسطینی عسکریت پسند ہلاک، اسرائیلی فوج

25 جولائی 2023

مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینی علاقے کے شہر نابلوس میں اسرائیلی دستوں کے ہاتھوں منگل پچیس جولائی کے دن تین مشتبہ فلسطینی عسکریت پسند مارے گئے۔ فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس نے کہا ہے کہ تینوں ہلاک شدگان اس کے ارکان تھے۔

https://p.dw.com/p/4UNWv
Israel Palästina Nahost-Konflikt
نابلوس میں اسرائیلی فوج اور فلسطینی مظاہرین کے مابین مئی میں بھی شدید جھڑپیں ہوئی تھیںتصویر: JAAFAR ASHTIYEH/AFP/Getty Images

نابلوس ویسٹ بینک کے مقبوضہ فلسطینی علاقے کا تجارتی صدر مقام بھی ہے اور اسرائیل کی فوج کی طرف سے ان مسلح کارروائیوں کا ایک بڑا ہدف بھی، جو عسکریت پسند فلسطینیوں کے خلاف کی جاتی ہیں اور جن  میں حالیہ کئی ہفتوں میں خاصی تیزی آ چکی ہے۔

فلسطینی صدر کا جنین مہاجر کیمپ کی تعمیر نو کا عزم

اسرائیل اور عسکریت پسند فلسطینیوں کے مابین حالیہ چند برسوں میں جس خونریزی میں کافی تیزی آ چکی ہے، یہ تینوں نئی ہلاکتیں بھی اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔

اسرائیلی فوجیوں پر مبینہ فائرنگ

اسرائیلی فوج نے بتایا کہ ان تین مشتبہ فلسطینی عسکریت پسندوں کو ویسٹ بینک کے شمالی حصے کے شہر نابلوس میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اسرائیلی سکیورٹی ذرائع کے مطابق ان فلسطینیوں نے ایک گاڑی سے پہلے اسرائیلی فوجیوں پر فائرنگ کی تھی، جس کے جواب میں اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کر کے انہیں ہلاک کر دیا۔

جنین فوجی آپریشن پر اسرائیل کے خلاف مذمتی بیان واپس نہیں لیا جائے گا، اقوام متحدہ

مختلف خبر رساں اداروں کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ نابلوس شہر کے الطور نامی علاقے میں پیش آیا۔ ہلاک شدگان سیاہ رنگ کی ایک اسکوڈا گاڑی میں سوار تھے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان مشتبہ عسکریت پسندوں نے اسرائیلی فوجیوں پر فائرنگ نابلوس کے مضافات میں ایک پہاڑی علاقے میں قائم ایک یہودی بستی کے قریب کی تھی۔

Westjordanland   | Israelischer Soldaten
نابلوس کے قریب ایک گاؤں میں گشت کرنے والے اسرائیلی فوجی، فائل فوٹوتصویر: Mohammed Nasser/APAimages/IMAGO

اسرائیلی فوج کے ہاتھوں گزشتہ برس بیالیس فلسطینی بچے مارے گئے، اقوام متحدہ

اسرائیلی فوج نے مزید بتایا کہ اس واقعے کے بعد جب ان فلسطینیوں کی گاڑی کی تلاشی لی گئی، تو اس میں سے تین ایم سولہ طرز کی رائفلیں بھی ملیں، جو ضبط کر لی گئیں۔

ہلاک شدگان حماس کے ارکان تھے

نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے لکھا ہے کہ اس واقعے کے بعد فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس نے کہا کہ تینوں ہلاک شدگان اس کے ارکان تھے۔ ان میں سے ایک نابلوس کی یونیورسٹی میں حماس کے طلبہ ونگ کا سربراہ بتایا گیا ہے۔ فلسطینی طبی ذرائع نے بتایا کہ مرنے والوں کی عمریں 32، 33 اور 43 برس تھیں۔

فلسطین: یوم نکبہ کے 75 برس مکمل

مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینی علاقے کے کئی شہروں اور قصبوں میں حالیہ ہفتوں اور مہینوں میں عسکریت پسند فلسطینیوں کی طرف سے اسرائیلی آباد کاروں اور فوجیوں پر حملوں میں کافی تیزی دیکھی گئی ہے۔ اسی طرح ویسٹ بینک میں بھی مختلف مقامات پر اسرائیلی فوج کی مسلح کارروائیوں میں تیزی آ چکی ہے۔

رواں ماہ ہی اسرائیلی فوج نے ویسٹ بینک کے علاقے میں ایک ایسا دو روزہ لیکن بڑا آپریشن کیا تھا، جس دوران بارہ فلسطینی اور ایک اسرائیلی فوجی مارے گئے تھے۔ یہ کارروائی گزشتہ تقریباﹰ دو عشروں کے دوران مغربی کنارے کے مقبوضہ علاقے میں کی جانے والے شدید ترین اسرائیلی فوجی کارروائی تھی۔

م م / ک م (اے پی، اے ایف پی)

اسرائیل اور فلسطینی مکالمت کی راہ اختیار کریں، پوپ کا پيغام