نادال ، مرے اور ویلیمز یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں
2 ستمبر 2008 نیویارک میں کھیلے جانے والےاس ایونٹ کے چوتھے راؤنڈ میں ومبلڈن اور فرنچ اوپن چیمپئن رافائل نادال امریکا کے سیم کیوری کوچار سیٹ کے سخت مقابلے کے بعد شکست دینے میں کامیاب ہوئے۔ اس ہسپانوی کھلاڑی کی فتح کا اسکور چھ دو‘ پانچ سات‘ سات چھ اور چھ تین رہا۔
دونوں کھلاڑیوں کے درمیان یہ میچ تین گھنٹے سے زائد تک جاری رہا۔ چھٹے نمبر کے برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے نے سوئٹزرلینڈ کے اسٹانسیلا سواورنکا کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر آخری آٹھ کھلاڑیوں میں جگہ بنالی۔
برطانوی کھلاڑی نے یہ کامیابی چھ ایک‘ چھ تین اور چھ تین کے اسکور کے ساتھ حاصل کی ۔
خواتین کے انفرادی مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں امریکا کی ویلیمز سسٹرز ایک مرتبہ پھر ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔ فورتھ سیڈ سیرینا ویلیمز نے فرانس کی سیورائن بریموں کو چھ دو اور چھ دو سے زیر کیا۔ جبکہ ومبلڈن چیمپئن وینس ویلیمز نے پولینڈ کی اگنیسکا رادوانسکا کے خلاف چھ ایک اور چھ تین سے کامیابی حاصل کی۔